سبز مستقبل کی بنیاد: پنجاب نے بچوں کےلیے ماحولیاتی کہانیوں کی کتاب متعارف کرادی
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
لاہور میں ادارۂ تحفظِ ماحولیات پنجاب نے اسکول کے طلبا کےلیے پہلی مرتبہ ماحولیاتی کہانیوں پر مبنی ایک خصوصی کتاب متعارف کرائی ہے۔
پاکستان میں کسی سرکاری ادارے کی طرف سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس کا مقصد کم عمر بچوں کو ماحولیات کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور انہیں فطرت دوست عادات اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ کتاب دوسری اور تیسری جماعت کے بچوں کےلیے تیار کی گئی ہے جس میں صاف ہوا، محفوظ پانی، درخت لگانے کی ضرورت، ویسٹ مینجمنٹ اور آلودگی کے نقصانات جیسے موضوعات کو دلچسپ اور آسان کہانیوں کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔
رنگین تصاویر اور آسان زبان میں لکھی گئی کہانیاں بچوں کے لیے نہ صرف دلچسپ ہیں بلکہ ان میں ماحول کے تحفظ کا پیغام بھی شامل ہے۔
کتاب کی لانچنگ تقریب کی صدارت سیکریٹری ماحولیات صلوَت سعید اور ڈی جی ای پی اے عمران حمید شیخ نے کی، جبکہ ای پی اے لائبریری کی انچارج لبنیٰ پروین نے اس کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہانیاں اور سرگرمیاں بچوں کو ماحول دوست رویے اپنانے کی طرف مائل کریں گی۔
ای پی اے حکام نے بتایا کہ یہ کتاب سرکاری اور نجی اسکولوں کے نصاب میں شامل کی جائے گی اور اساتذہ کو پڑھانے کےلیے خصوصی رہنما ہدایات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈی جی ای پی اے عمران حمید شیخ نے کہا کہ بچوں کو ماحولیات کا شعور دینا دراصل مستقبل کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ سیکرٹری ماحولیات صلوَت سعید کے مطابق یہ اقدام پنجاب حکومت کے اینٹی اسموگ اور گرین ڈیولپمنٹ ایجنڈا کا حصہ ہے اور حکومت ماحولیاتی تعلیم کو نصاب کا لازمی جزو بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید برآں، ای پی اے نے اعلان کیا ہے کہ بچوں کو شامل کرنے کے لیے سرگرمیوں، کوئز اور اسکول لیول مقابلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ آئندہ ایڈیشنز میں بایو ڈائیورسٹی، ری سائیکلنگ اور قابلِ تجدید توانائی جیسے موضوعات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ماہرین تعلیم اور ماحولیات نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب بچوں میں ماحول دوست رویے پیدا کرنے اور عملی شعور اجاگر کرنے میں ایک مؤثر اور دیرینہ خلا کو پُر کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بچوں کو
پڑھیں:
آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹ کو زمین بوس کر دیا گیا: محکمہ ماحولیات پنجاب
---فائل فوٹومحکمۂ ماحولیات پنجاب نے لاہور میں انسدادِ اسموگ آپریشن کے تحت آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹ کو زمین بوس کر دیا۔
محکمۂ ماحولیات پنجاب کے ترجمان کے مطابق ایک ہی رات میں دو بار سرکاری سِیل توڑنے والے ملزم کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتی یونٹ سے بھاری مقدار میں کاربن کے تھیلے، غیر قانونی اسٹوریج اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خصوصی مانیٹرنگ ٹیموں کی انسدادِ اسموگ آپریشن کے تحت 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے، صنعتی اسموگ کے خلاف فیصلہ کُن آپریشن جاری رہے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحول سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، سِیل توڑنے والے صنعتی مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔