سعودی عرب میں آج 95واں قومی دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
ریاض:
سعودی عرب آج اپنا 95واں قومی دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی بھی یوم الوطنی کے موقع پر تقریبات منعقد کر کے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان و سعودی عرب کی دوستی کے نعرے لگائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، جی ایم اعوان، جمیل ربانی، فضل رحیم صافی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دو دل ایک جان کی مانند ہیں۔ دونوں ممالک دفاعی معاہدے کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر بھی مل کر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک مضبوط معاشی طاقت ہے جبکہ پاکستان عسکری لحاظ سے ایک مستحکم ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مزید مضبوط بنانے اور ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
یوم الوطنی کے موقع پر سعودی شہروں میں پرچم لہرائے گئے اور مختلف تقریبات کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کے لیے باکو روانہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے آج باکو روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر ہے۔ دونوں ممالک اسلامی تعاون تنظیم (OIC)، اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) اور اقوام متحدہ (UN) جیسے بین الاقوامی فورمز پر قریبی اشتراکِ عمل رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ ہے۔