اسلام آباد؛ ڈرائیونگ لائسنس کی مہلت میں توسیع، خلاف ورزی پر مقدمہ اور گرفتاری ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
اسلام آباد:
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یکم اکتوبر تک کی مہلت دے دی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے پر مقدمہ درج ہوگا، ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے گا اور گاڑی بند کر دی جائے گی۔ یہ کارروائی بلاتفریق ہوگی اور شہری چاہے کوئی بھی ہو، انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فیض آباد ٹریفک آفس، ایف-6 سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز کے ذریعے لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری ہمیشہ ڈرائیونگ لائسنس کی فزیکل کاپی اپنے ساتھ رکھیں، ڈیجیٹل کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔
حمزہ ہمایوں نے کہا کہ ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت یہی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے خطرہ ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی شہری کو دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈرائیونگ لائسنس
پڑھیں:
ڈرائیونگ ٹیسٹ اب اے آئی گاڑی لے گی، نئی ٹیکنالوجی کے حیرت انگیز فیچرز
پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے امتحانات میں ایک انقلابی تبدیلی متعارف کروائی جا رہی ہے، جہاں پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس گاڑیوں کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ لاہور میں تیار کی گئی یہ جدید گاڑی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے ڈی آئی جی وقار نذیر کے مطابق یہ گاڑی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تمام مراحل کو خودکار طریقے سے انجام دے گی۔ گاڑی میں نصب جدید سافٹ ویئر ڈرائیور کی کارکردگی کا خود بخود جائزہ لے گا۔ مثال کے طور پر، اگر امیدوار ریورس گیئر ایک سے زیادہ مرتبہ استعمال کرے گا تو سافٹ ویئر خود بخود اسے ناکام قرار دے کر گاڑی بند کردے گا۔
گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں متعدد کیمرے نصب ہیں، جو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے ہر پہلو کو ریکارڈ کریں گے۔ یہ کیمرے نہ صرف امیدوار کی ڈرائیونگ مہارت کو پرکھیں گے، بلکہ ٹیسٹ کے دوران کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کو بھی نوٹ کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی 200 ایسی اے آئی گاڑیاں تیار کرکے صوبے کے تمام ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرز میں بھیج دی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل میں یکسانیت لانا اور انسانوں کی جانب سے ہونے والی ممکنہ غلطیوں کو ختم کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ جدید نظام نہ صرف ڈرائیونگ معیارات کو بہتر بنائے گا، بلکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔