اسلام آباد ہائی کورٹ نے نانبائیوں کے خلاف کارروائی روک دی
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
اسلام آباد میں نان اور روٹی کی قیمتوں کے تعین سے متعلق ضلعی انتظامیہ کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ نانبائی ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلہ کیا، جس سے ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا اور تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت دی کہ وہ 30 ستمبر کو نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کریں اور ان کے تحفظات سنیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ تمام فریقین کا مؤقف سنے بغیر کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ کیس کی دوبارہ سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی۔
سماعت کے دوران نانبائی ایسوسی ایشن کے وکیل، بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، لیکن انتظامیہ نے قیمتوں کے تعین میں اس اہم حقیقت کو یکسر نظرانداز کیا۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے فی الحال گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ضلعی انتظامیہ اسلام ا باد
پڑھیں:
ایشوریا اور ابھیشیک کا گوگل اور یوٹیوب کو 4 کروڑ کا قانونی نوٹس
بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کے شوہر و اداکار ابھیشیک بچن نے سرچ انجن گوگل اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ جوڑی نے نئی دہلی ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ڈیپ فیک و جعلی ویڈیوز کی بنیاد پر تقریباً 4 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اداکاروں نے اپنی درخواست میں یوٹیوب پر موجود ان ویڈیوز کے سیکڑوں لنکس اور اسکرین شاٹس پیش کرتے ہوئے ان ویڈیوز کے خلاف مستقل پابندی عائد کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔
اداکاروں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ مواد ناصرف ہماری ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے بلکہ ہمارے چہروں اور آوازوں کا استعمال ہمارے شخصی و تخلیقی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے گوگل کے وکیل سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے اگلی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔