آئی فون 17 لینے والوں کو بڑا دھچکا، کمپنی نے خرابی تسلیم کرلی
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
ایپل کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائی گئی آئی فون 17 سیریز جہاں ٹیکنالوجی کے شوقین صارفین کے لیے خوشی کا باعث بنی، وہیں نئے ماڈلز میں شامل ’ایپل انٹیلیجنس‘ (اے آئی) فیچرز میں تکنیکی مسائل نے خریداروں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
آئی فون 17، 17 ائیر، 17 پرو اور 17 پرو میکس کے صارفین کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ ’اے آئی‘ فیچرز نہ صرف ڈاؤن لوڈ کے دوران مسائل کا شکار ہیں بلکہ انسٹالیشن کے بعد بھی مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہے۔ بعض صارفین نے ان فیچرز کے مکمل طور پر غیر فعال ہونے کی شکایت بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی سی ایل گروپ اور مرکنٹائل نے پاکستان میں آئی فون 17 کی لانچ کا اعلان کردیا
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹس اور ماہرین کے مطابق، یہ مسئلہ تمام ماڈلز میں یکساں طور پر موجود ہے، جسے سافٹ ویئر بگ قرار دیا جا رہا ہے۔ خبروں کے مطابق ایپل کی جانب سے اس مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمپنی اس خرابی سے آگاہ ہے اور بہت جلد اس کا حل فراہم کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی فون 17 سیریز میں بیٹری لائف کو بہتر بنایا گیا ہے اور تمام ماڈلز میں جدید وائرلیس ’میگ سیف چارجنگ‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تاہم، ’ایپل انٹیلیجنس‘ جیسے انقلابی فیچرز کا مؤثر انداز میں کام نہ کرنا، ایپل کے صارفین کے لیے مایوسی کا سبب بن رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی کو چاہیئے کہ وہ صارفین کا اعتماد بحال رکھنے کے لیے جلد از جلد اس مسئلے کا تکنیکی حل فراہم کرے، تاکہ جدید فیچرز سے بھرپور استفادہ ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وہ 7 ممالک جہاں آئی فون 17 کی قیمت پوری دنیا سے کم ہے
واضح رہے کہ پی ٹی سی ایل گروپ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ اور یوفون 4G) نے مرکنٹائل، جو ایپل کا پاکستان میں آفیشل ڈسٹری بیوٹر ہے، کے اشتراک سے پاکستان بھر میں آئی فون 17 کی فروخت کا آغاز کردیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو جدید ترین ڈیوائس کے ساتھ اضافی سہولیات اور خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ہر آئی فون 17 کے ساتھ دو سالہ انڈسٹری لیڈنگ وارنٹی دی جائے گی جس میں ایک سال ایپل اور ایک سال مرکنٹائل کی جانب سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل سے بھی بہتر فیچرز کے ساتھ چینی کمپنی کے 17 پرو اور 17 پرو میکس متعارف، قیمتیں کیا ہیں؟
اس کے ساتھ ساتھ فوری چوری اور نقصان کی انشورنس بھی فراہم کی جائے گی جس کی مالیت 4 لاکھ روپے تک ہوگی۔ یوفون 4G کے نئے اور موجودہ صارفین کو اس آفر کے تحت مفت eSIM اور ایک پریمیم کنیکٹیویٹی پیکیج دیا جائے گا جس میں چھ ماہ کے لیے ایک ٹیرا بائٹ سے زائد موبائل ڈیٹا، 1000 آف نیٹ اور 10,000 آن نیٹ منٹس شامل ہوں گے۔
لانچ کو مزید پرکشش بنانے کے لیے یوپیسہ اور پی ٹی سی ایل صارفین کو مفت آئی فون 17 جیتنے کا موقع بھی دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی 100 خریداروں کو ایپل چارجر مفت دیا جائے گا جبکہ تمام صارفین ایپل ایئر پوڈز جیتنے کے لیے خوش نصیبی ڈرا میں شامل ہوں گے۔ پری بکنگ کرنے والوں کو کیش ڈسکاؤنٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آئی فون 17 پرو میکس آئی فون آئی فون 17 ٹیکنالوجی.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: آئی فون 17 پرو میکس ا ئی فون ا ئی فون 17 ٹیکنالوجی آئی فون 17 فراہم کی ئی فون 17 جائے گا کے ساتھ کے لیے
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔