117 برس تک زندہ رہنے والی ہسپانوی خاتون کی طویل عمر کے راز پر سائنس کی حیران کن تحقیق
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
دنیا کی سب سے طویل العمر خاتون کی زندگی پر کی جانے والی سائنسی تحقیق نے ماہرین کو حیران کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والی ماریا برانیئس 117 برس کی عمر تک زندہ رہیں اور اپنی وفات (2024) سے قبل وہ کئی لحاظ سے جدید سائنس کے لیے ایک حیرت انگیز نمونہ ثابت ہوئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ماریا برانیئس کے معدے کی صحت کم و بیش بچوں جیسی تھی، جس کی بدولت ان کے جسم میں سوزش کے آثار نہ ہونے کے برابر تھے۔ یہی وجہ تھی کہ بڑھاپے کے باوجود ان کی قوتِ مدافعت بیماریوں کے خلاف بھرپور ڈھال بنی رہی۔
عالمی میڈیا کے مطابق ماریا اپنی موت سے پہلے خون، تھوک، پیشاب اور فضلے کے نمونے سائنس دانوں کو فراہم کرچکی تھیں، جن کے تجزیے میں انکشاف ہوا کہ اگرچہ ان کے خلیے اپنی فطری عمر پوری کرچکے تھے، لیکن ان کے جین جوان افراد کی طرح صحت مند دکھائی دیے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان کے آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا نے جسم کو مختلف امراض سے محفوظ رکھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ماریا کے جینز میں وہ تبدیلیاں موجود تھیں جو عام طور پر دل کے عارضے، ذیابیطس اور اعصابی کمزوری کا باعث بنتی ہیں، تاہم ان کے باوجود وہ الزائمر یا پارکنسن جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہیں۔
ان کی طویل عمر کا راز صرف جینیاتی عوامل تک محدود نہیں تھا بلکہ ان کی روزمرہ زندگی اور عادات نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ روزانہ تین مرتبہ دہی یا دہی جیسی غذائیں کھاتی تھیں، ساتھ ہی ان کی خوراک میں مچھلی اور زیتون کا تیل بھی شامل رہتا تھا، جو ان کے وزن اور صحت کے توازن کا بنیادی سبب بنا۔
ماریا ہمیشہ جسمانی طور پر متحرک رہیں، جبکہ ان کی ذہنی صحت بھی مثالی تھی۔ بڑھاپے کے باوجود وہ اپنی دلچسپیوں سے وابستہ رہیں—انہیں مطالعہ کرنا، پیانو بجانا اور باغبانی نہایت پسند تھا۔ یہی سرگرمیاں ان کے دماغ کو فعال رکھتی رہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ انہوں نے کبھی سگریٹ یا شراب کا استعمال نہیں کیا، جو ان کی زندگی کو مزید صحت مند بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ماریا برانیئس کی کہانی اس حقیقت کی عملی تصویر ہے کہ متوازن غذا، مثبت طرزِ زندگی اور ذہنی سکون نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ انسان کو عمرِ طویل اور بہتر معیارِ زندگی بھی فراہم کرسکتے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔