بلوچستان، لسیبلہ میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم، 6 جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
کوئٹہ:
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں مسافر کوچ اور پتھر سے بھرے ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر کوچ اور پتھر سے لدے ٹرک کے درمیان شدید تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 19 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈی ایچ کیو اوتھل منتقل کر دیا۔ ڈاکٹروں نے 4 زخمیوں کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا ہے جبکہ زخمیوں میں تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثہ قومی شاہراہ پر اوتھل سے کچھ دور ایک کروڈنگ پوائنٹ کے قریب پیش آیا جہاں کوئٹہ سے کراچی جانی والی مسافر کوچ تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر سڑک کی کنڈیشن کی وجہ سے پتھر لے جانے والے ایک بھاری ٹرک سے ٹکرا گئی۔
کوچ میں تقریباً 40 سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں خواتین، بچے اور عام مسافر شامل تھے ٹرک کی بھاری لوڈنگ اور کوچ کی تیز رفتار نے تصادم کی شدت کو مزید بڑھا دیا، جس سے کوچ کا فرنٹ حصہ شدید متاثر ہوا اور کئی مسافر گھائل اور زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، لیویز فورس اور ایمرجنسی سروسز 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے چار کی حالت نازک ہے، جنہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے اور انہیں ممکنہ طور پر کراچی کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
زخمیوں میں تین خواتین اور دو بچوں کی حالت خاص طور پر تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جبکہ باقی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شکارپور میں تیز رفتار ٹرک سڑک کنارے سوئے مزدوروں پر چڑھ دوڑا، 7 جاں بحق
قومی شاہراہ بائی پاس پر تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے افراد کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سبزی سے بھرا ٹرک اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے سوئے مزدوروں پر چڑھ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس پہنچی، جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال شکارپور منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی وجوہات پر حتمی رائے دی جا سکے گی۔