کراچی: لاہور سے آنے والا 50 لاکھ مالیت کا مال بردار ٹرک کارساز کے قریب چھین لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
شہر قائد کی ایک مصروف شاہراہ پر دن دہاڑے ایک بڑی واردات کے دوران لاہور سے آنے والا مال بردار ٹرک مسلح افراد نے چھین لیا، جس میں تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کی کیبل لوڈ تھی۔ واقعہ کراچی کی مرکزی شاہراہ کارساز کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ٹرک کے ڈرائیور کو اغوا کیا اور اُسے گلبائی کے علاقے کے قریب لے جا کر چھوڑا، جبکہ وہ قیمتی سامان سے بھرا ٹرک اپنے ساتھ لے گئے۔ واردات کے فوراً بعدڈرائیور کی اطلاع پر اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) نے فوری کارروائی کرتے ہوئےسائٹ ایریا سے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سےتین ٹن سے زائد کیبل بھی برآمد کر لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو ٹرک میں نصب ٹریکر کے ذریعے ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملی، جس کی مدد سے نہ صرف ٹرک کا سراغ ملا بلکہ قیمتی سامان کی بازیابی بھی ممکن ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ بہادرآباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
ٹرک ڈرائیور نے واردات کی تفصیل بتاتے ہوئے بتایا کہ جب وہ کارساز کے قریب پہنچا تو اچانک گاڑی میں سوار مسلح افراد نے اُسے روک کر آنکھوں پر کپڑا باندھ دیا اور تقریباً ڈھائی سے تین گھنٹے تک مختلف علاقوں میں گھماتے رہے۔ بعد ازاں، ملزمان نے اُسے گلبائی کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے اور ساتھ ہی اُس کا موبائل فون اور دیگر ضروری کاغذات بھی چھین لیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ واردات میں اور کون لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی اس قسم کی وارداتوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے قریب
پڑھیں:
کراچی، مومن آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کا مقابلہ، ایک زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں مومن آباد کے علاقے الفتح قبرستان کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زخمی دانش عرف داڑھا اور اس کے ساتھی سراج احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش کے لیے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔