بھکر، ڈی آئی خان روڈ پر کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 4 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
بھکر(نیوز ڈیسک)بھکر میں ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر کار اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتار ٹرک کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت محمد آصف (35 سال)، محمد علی (25 سال)، محمد اسامہ (25 سال)، اور محمد اصغر (41 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے، چاروں افراد چمنی محلہ بھکر کے رہائشی تھے۔
اطلاعات کے مطابق یہ افراد لاہور سے ایک مریض کا طبی معائنہ کروا کر واپس بھکر آ رہے تھے کہ راستے میں یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
جاں بحق افراد کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال بھکر منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
امریکا میں فٹ بال میچ کے بعد فائرنگ سے خاتون اور لڑکا ہلاک، 14 افراد زخمی
امریکا کی ریاست الاباما کے شہر مونٹگمری میں فٹ بال میچ کے بعد فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک افراد میں ایک 43 سالہ خاتون اور ایک 17 سالہ لڑکا شامل ہے۔ زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دو یونیورسٹیوں کی فٹبال ٹیموں کے درمیان میچ کے بعد ہونے والا جھگڑا شدید فائرنگ میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس کو رات 11 بج کر 30 منٹ پر اس واقعے کی اطلاع ملی تھی، جسے پولیس چیف جیمز گریبوئس نے اجتماعی فائرنگ قرار دیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شہر کے نائٹ لائف ڈسٹرکٹ میں پیش آیا تھا۔
پولیس چیف نے مزید بتایا کہ ہجوم میں اچانک ایک شخص کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متعدد افراد نے اپنے ہتھیار نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔
چیف گریبوئس کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور ممکنہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، تاہم اتوار کی صبح تک کسی پر فردِ جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔
پولیس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔