کراچی میں 4 پولیس مقابلے، 5 زخمی ملزمان سمیت 7 گرفتار، ایک فرار
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) شہر قائد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چار پولیس مقابلوں کے دوران پانچ زخمیوں سمیت سات ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پہلا مقابلہ ابراہیم حیدری کے علاقے ریھڑی روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی اسٹریٹ کرمنلز نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت عبدالحلیم کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔دوسرا مقابلہ گلشن اقبال بلاک 7 کے قریب اتوار بازار کے نزدیک پیش آیا۔(جاری ہے)
ایسٹ گلشن اقبال پولیس اور شاہین فورس نے مشترکہ کارروائی کی۔پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کی، جس پر جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت فہیم اور شان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔تیسرا مقابلہ اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ملزم محیب اللہ ولد حبیب اللہ جان زخمی ہوا جبکہ اس کے ساتھی شکیل ولد رحمت اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ چوتھی کارروائی سرجانی ٹاؤن میں ہوئی جہاں ایلیکس ولد پیٹر زخمی ہوا اور اس کا ساتھی رضوان ولد فرید اللہ گرفتار کیا گیا۔پولیس نے اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، بٹوہ اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔تمام زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائیاں جاری ہیں۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے گرفتار کر
پڑھیں:
کراچی؛ مبینہ پولیس مقابلوں میں ڈکیت ہلاک، تین زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر کے دو مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈکیت ہلاک اور تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح بلوچ کالونی تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ کشمیر پلازہ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جبکہ 2 ڈکیتوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بلوچ کالونی پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کی شناخت سکندر ولد عمر اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کی شناخت عرفان ولد شاہنواز علی اور راشد علی ولد محمد علی کے ناموں سے کی گئی۔
ہلاک و زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، زیر استعمال موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
بلوچ کالونی پولیس کے مطابق پولیس نے ڈکیتوں کو مشکوک جان کر انہیں روکنے کا اشارہ کیا تو ڈکیت رکے نہیں اور پولیس پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
ادھر، ابراہیم حیدری پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی شناخت اسامہ عرف شیرو کے نام سے کی گئی۔
ملزم کے قبضے سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔
ابراہیم حیدری، پولیس کی جانب سے ضابطے کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔