سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر راولپنڈی و اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بند
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مذہبی تنظیم کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی کا خدشہ ہے، لہٰذا طلبا، اساتذہ اور والدین کی سلامتی کے پیش نظر تدریسی سرگرمیاں آج معطل رہیں گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب بیشتر اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں پہلے ہی شروع ہو چکی تھیں۔ اچانک فیصلے نے والدین اور طلبا کو مشکل میں ڈال دیا، خاص طور پر وہ بچے جو اسکول پہنچ چکے تھے یا راستے میں تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی ہدایت پر کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ انتظامیہ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور تمام نجی اسکول آج بند رہیں گے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق طلبا کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس لاہور میں دو روز کے لیے معطل
لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس آج اور کل بند رہے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اورنج ٹرین کی سروس روک دی۔ اس سے قبل اورنج لائن کے متعدد اسٹیشنز مسافروں کے داخلے کیلئے بند کردیے گئے تھے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث اورنج لائن کے اسٹیشنز پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اورنج لائن ٹرین آج اور کل بند رہے گی۔