وزیراعظم شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام:ہندو برادری کو خوشیوں کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو تہوار کی خوشیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے امن، رواداری اور اتحاد کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی پر اور امید کی مایوسی پر فتح کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اجتماعی خوشیوں، مثبت سوچ اور باہمی احترام کے ذریعے ہم اپنے معاشرے کو زیادہ مضبوط اور پرامن بنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے معاشرتی تنوع پر فخر کرتی ہے، کیونکہ یہی تنوع ہمارے قومی دھارے کو وسعت دیتا ہے اور مختلف برادریوں کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں ہندو برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندو پاکستانی شہریوں نے ملک کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو ہماری قومی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں عقائد کا تنوع اتحاد اور ہم آہنگی کا حقیقی ذریعہ ہے اور حکومت ہر شہری کو ان کے مذہب یا عقیدے سے قطع نظر برابر کے حقوق دینے کے عزم پر قائم ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو بلاامتیاز مساوی مواقع حاصل ہوں اور آج حکومت اسی نظریے پر کاربند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان میں ہندو اور دیگر اقلیتی برادریاں اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ باہمی احترام اور اتحاد ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ دیوالی کا یہ تہوار سب کے لیے امن، خوشحالی اور محبت کا پیغام لائے اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھن کو مزید مضبوط بنائے۔ انہوں نے تمام ہندو برادری کو نیک تمناؤں کے ساتھ مبارک باد پیش کی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی اور گوادر پورٹس کرغزستان کو بہترین رسائی فراہم کر سکتی ہیں: شہباز شریف
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کرغزستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20سال بعد کرغزستان کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، خواہش ہے دونوں ممالک کی تاجر برادری سال میں ایک بار باہمی دورے کرے، ریل منصوبہ خطے کیلئے اہم معاشی موقع ہے، کراچی اور گوادر پورٹ کرغزستان کیلئے بہترین رسائی فراہم کر سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ پاکستان کے 8500 طلبا کرغزستان میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان،کرغزستان ثقافتی پروگرام جلد دونوں ممالک میں ہوں گے، کاسا 1000 منصوبے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت جاری ہے، کاسا منصوبے کا پاکستان کا حصہ جلد مکمل ہو جائے گا، ایس آئی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےون ونڈو سہولت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع ہیں، کرغز کاروباری افراد اور پاکستانی صنعتکار تجارت کے فروغ کیلئے ملکر کام کر سکتے ہیں، آئی ٹی اور اےآئی تربیت کیلئے اقدامات جاری ہیں، پاکستانی ٹیکسٹائل،زراعت اور سیاحتی شعبہ تیزی سے فروغ پا رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی مشترکہ چیلنج،مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، پاکستان کرغز دوستی کو مضبوط معاشی شراکت میں بدلنا ہے۔
کرغزستان کے صدر نے کہا کہ پاکستان آمد پر بےحد خوش ہوں،دوطرفہ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف کی مکمل حمایت کرتےہیں، کرغزستان اور پاکستان میں تجارت کے امکانات میں بہت وسعت ہے، لاجسٹک رابطوں سے دونوں ممالک عالمی مارکیٹوں تک پہنچ سکتے ہیں، جنوبی ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارت کیلئے پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔