ممدانی کومیئر بننے سے ارب پتی بھی نہیں روک سکے، امریکی اخبار
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
26 ارب پتیوں اور ان کے خاندانوں نے مل کر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی
سابق میئر مائیکل بلوم برگ نے حریف اینڈریو کومو کو انتخابی مہم کیلئے 15 لاکھ ڈالر عطیہ کیے
امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ نیویارک کے حالیہ میٔر الیکشن میں مسلم امیدوار زہران ممدانی کو کامیاب ہونے سے روکنے کے لیے 26 ارب پتیوں اور ان کے خاندانوں نے مل کر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی۔رپورٹ کے مطابق یہ ارب پتی مختلف سیاسی و کاروباری حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا مقصد ممدانی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو روکنا تھا۔ تمام سرویز میں زہران ممدانی کو سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا۔سابق نیویارک میٔر مائیکل بلوم برگ نے ممدانی کے حریف اینڈریو کومو کو انتخابی مہم کے لیے 15 لاکھ ڈالر عطیہ کیے، جب کہ دیگر سرمایہ کاروں نے بھی اسی مقصد کے لیے خطیر رقوم فراہم کیں۔تاہم رپورٹ کے مطابق صرف دو ارب پتی افراد نے زہران ممدانی کی حمایت کی۔ ان میں ارب پتی ایلزبتھ سمنز اور GitHub کے شریک بانی ٹام پریسٹن ورنر شامل ہیں۔ ایلزبتھ سمنز نے ڈھائی لاکھ ڈالر اور پریسٹن ورنر نے 20 ہزار ڈالر ممدانی کی مہم کے لیے عطیہ کیے۔انتخابات میں زہران ممدانی کی جیت کے بعد نیویارک کے کئی مال دار کاروباری افراد نے محتاط حمایت کا اعلان کیا۔ معروف ارب پتی بل ایکمین ، جو ممدانی کے بڑے ناقد سمجھے جاتے تھے، اب ان کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں۔اسی طرح وال اسٹریٹ کے معروف سرمایہ کار رالف شلوسٹائن نے کہا کہ سخت انتخابی مہم کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ نیویارک متحد ہو کر آگے بڑھے۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: لاکھ ڈالر ممدانی کی ارب پتی کے لیے
پڑھیں:
مودی، نیتن یاہو سے دشمنی، فلسطینیوں کا حمایتی، امریکی سیاست میں ہلچل مچانے والا زہران ممدانی کون؟
نیویارک: امریکی سیاست میں ایک نئی آواز کے طور پر اُبھرنے والے زہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کے الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرکے نہ صرف امریکی مسلمانوں کے لیے نیا باب کھولا بلکہ عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کی ہے۔
33 سالہ زہران ممدانی، یوگینڈا میں پیدا ہوئے اور ان کا پس منظر مسلم و ہندو سیکولر روایات سے جڑا ہے۔ ان کے والد محمود ممدانی مشہور اسکالر اور کتاب “گڈ مسلم، بیڈ مسلم” کے مصنف ہیں جبکہ والدہ میرا نائر معروف فلم ساز ہیں جنہوں نے مون سون ویڈنگ اور دی نیمسیک جیسی عالمی سطح پر مقبول فلمیں بنائیں۔
زہران ممدانی، فلسطین کی آزادی کے حامی اور نریندر مودی کے سخت ناقد ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ اگر وہ نیویارک کے میئر بنے تو وہ مودی سے کبھی ملاقات نہیں کریں گے۔ ان کے اس بیان نے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے مخالف امیدوار اینڈریو کومو کو صہیونی حامیوں کی مالی مدد حاصل تھی، مگر ممدانی نے عوامی حمایت کے بل بوتے پر یہ الیکشن جیت لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عوام نے ثابت کردیا ہے کہ طاقت ان کے ہاتھ میں ہے۔‘‘
زہران کے والد محمود ممدانی کی کتاب “گڈ مسلم، بیڈ مسلم” نے مغربی سیاست میں مسلم شناخت کے بارے میں بحث چھیڑی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ مغرب کے نزدیک ’’اچھے مسلمان‘‘ وہ ہیں جو مغربی طرزِ فکر اپنائیں، جبکہ ’’برے مسلمان‘‘ وہ جو اپنی مذہبی شناخت پر قائم رہیں۔ یہی سوچ اب زہران ممدانی کی سیاسی بصیرت میں جھلکتی ہے۔
زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ ان کی سیاست کا مقصد مساوات، انصاف، اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ نیویارک کو ایسا شہر بنائیں گے جہاں ہر مذہب، نسل، اور طبقے کے لوگ برابری سے زندگی گزار سکیں۔
زہران ممدانی کے مؤقف نے امریکی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے — ایک ایسا مسلمان رہنما جو فلسطین کے حق میں آواز اٹھاتا ہے، بھارتی وزیراعظم مودی پر تنقید کرتا ہے، اور پھر بھی امریکی عوام کی حمایت حاصل کرتا ہے۔ یہ کامیابی صرف ایک الیکشن نہیں، بلکہ ایک سیاسی انقلاب کی علامت ہے۔