’آپ کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے‘، محسن نقوی سری لنکن ٹیم سے ملنے پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیاجہاں انہوں نے پریکٹس کے لیے موجود سری لنکن کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی جوانوں کو جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔
محسن نقوی نے پریکٹس کے لیے موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پرسری لنکن کھلاڑیوں کا فردا فردا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ کی سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے۔ آپ کا دورہ پاکستان جاری رکھنا امن کی جیت اور دہشت گردی کی شکست ہے۔ پورا پاکستان آپ کی محبت اور خلوص کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی کا یہ خوبصورت موڑ پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور پریکٹس سیشن بھی دیکھا۔
سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ میں نے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دی ہیں لیکن پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔سکیورٹی سے ہم سب مطمئن ہیں۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، آئی جی اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محسن نقوی نے ملاقات کی کا دورہ
پڑھیں:
’سری لنکن ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے‘، محسن نقوی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ
راولپنڈی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم میں جاری سری لنکا بمقابلہ پاکستان میچ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، مہمان ٹیم کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ امن و استحکام کے ساتھ ساتھ کھیلوں و دیگر سرگرمیوں کا فروغ ہمارامشترکہ مقصد ہے۔
واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب آج دوپہر اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خُودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوگئے تھے۔
سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنۃ الخوارج نے خودکش دھماکا کیا۔