سندھ حکومت کا فیصلہ: خواتین کی سہولت کے لیے مزید پنک بسیں چلانے کی تیاری
اشاعت کی تاریخ: 20th, November 2025 GMT
کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں خواتین کے لیے مزید پنک بسوں کا آغاز کیا جا رہا ہے جو بی آر ٹی کے مختلف روٹس پر جلد نظر آئیں گی۔
گرین لائن منصوبے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بسیں پہلے ہی چل رہی ہیں، جبکہ بی آر ٹی گرین لائن میں بھی خواتین کے لیے علیحدہ اسپیس مختص کی جائے گی تاکہ انہیں محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
سینیئر وزیر کے مطابق نمائش سے سرجانی تک پنک بی آر ٹی سروس شروع ہو چکی ہے، جب کہ ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی پر بھی جلد پنک بسیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کی ایک نئی کھیپ اگلے ہفتے کراچی پہنچنے والی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ٹرانسپورٹ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے خصوصی بائیکس تیار کر رہا ہے، جو انہیں مفت فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مزید مثبت اعلانات جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے 21 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام کرنے کا فیصلہ انہی کوششوں کا تسلسل ہے، جب کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز بھی سابق صدر آصف علی زرداری نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ہی کیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت کسانوں کو مفت کھاد فراہم کر رہی ہے، جس سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ بعض تکنیکی معاملات حل طلب ہیں، جنہیں جلد نمٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کے لیے اوپن بریفنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے اور فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے وزیراعظم اور صوبہ پنجاب و خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی کہ اپنے اپنے صوبوں میں بھی خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کریں، کیونکہ یہ اقدام خواتین کے محفوظ سفر اور بااختیار بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل خواتین کے لیے سندھ حکومت انہوں نے بی آر ٹی
پڑھیں:
پاکستان اور ڈنمارک کا اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم
پاکستان اور ڈنمارک نے معاشی، ترقیاتی اور ماحولیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں نئی تعینات ہونے والی ڈنمارک کی سفیر ہز ایکسی لینسی ماجا مورٹینسن کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں ڈنمارک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں بعض غیر ملکی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم اب پاکستان نے واجبات کی ادائیگیاں مکمل طور پر کلیئر کر دی ہیں اور مالیاتی و اقتصادی استحکام کی جانب مثبت پیش رفت جاری ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کو فیصل آباد میں ڈنمارک کے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جو واسا کے شراکت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ چھ سالہ ماڈل کے تحت پائیداری اور مؤثر علم کی منتقلی یقینی بنائے گا۔
ڈنمارک کی سفیر نے بتایا کہ اس ہفتے ڈنمارک کے تین وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے رابطوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کی کمپنیاں پاکستان میں لاجسٹکس، بحری انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور اپنی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی خواہاں ہیں۔
سفیر نے توانائی کے شعبے میں ڈنمارک کے حکومت بہ حکومت تعاون کے جامع پروگرام کا ذکر کیا، جو ڈینش انرجی ایجنسی کی معاونت سے جاری ہے اور اس میں انرجی ماڈلنگ، انفراسٹرکچر پلاننگ، گرڈ کی بہتری اور استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ڈنمارک بزنس کلب کے ساتھ روابط بڑھانے اور آئندہ ہفتوں میں لاہور اور کراچی کے دوروں کے ذریعے صنعتکاروں سے ملاقاتیں کر کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔