لاہور؛ شہریوں کے گھروں کو گروی رکھوا کر لاکھوں ہتھیانے والا گینگ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
لاہور:(نیوزڈیسک)تھانہ کاہنہ کے علاقے میں شہریوں کے گھروں کو گروی رکھوا کر لاکھوں روپے ہتھیانے والا گینگ گرفتار کر لیا گیا ہے۔تھانہ ماڈل ٹاؤن میں میڈیا نمائندوں سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اور اس کا ایک ساتھی شامل ہے۔ ملزمان نے خود کو پراپرٹی ڈیلر ظاہر کرتے ہوئے دفتر قائم کر رکھا تھا۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ شہری جب اپنے مکانات کرائے پر دینے کے لیے ان کے پاس آتے تھے تو ملزمان ان مکانات کو گروی رکھوا دیتے اور مالکان کو بتایا جاتا کہ ان کے مکانات کرائے پر دے دیے گئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزمان شریف شہریوں کے مکانات گروی رکھوا کر لاکھوں روپے ہتھیا چکے ہیں جبکہ ان کے خلاف اسی نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان سے شہریوں کے مکانات کو گروی رکھوا کر حاصل کی گئی 50 لاکھ روپے رقم برآمد کر لی ہے۔
ڈاکٹر ایاز حسین نے برآمد شدہ رقم مدعی مقدمات کے حوالے کی، جس پر متاثرہ شہریوں نے رقم واپس ملنے پر ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر ایاز حسین اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن نے بتایا کہ انویسٹی گیشن ڈویژن ماڈل ٹاؤن نے رواں ماہ کے دوران شہریوں سے چوری ہونے والے لاکھوں مالیت کے 45 موبائل فون بھی برآمد کیے ہیں۔ برآمد شدہ موبائل فون مدعی مقدمات کے سپرد کر دیے گئے۔
ڈاکٹر ایاز حسین نے کہا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان اب پولیس کی گرفت میں ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ڈاکٹر ایاز حسین انویسٹی گیشن ماڈل ٹاو ن شہریوں کے ایس پی
پڑھیں:
لاہور، ایس پی سِول لائنز کی ہدایت پر ون ویلرز کے خلاف کارروائی، 2 ملزمان گرفتار
لاہور:ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کی ہدایت پر پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
ایس ایچ او گڑھی شاہو، سہیل احمد کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 منچلے ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان علی حسن اور زین ون ویلنگ کی ویڈیوز بناتے اور انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے تھے۔
یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جس کے بعد ایس پی چوہدری اثر علی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ دونوں ملزمان کو علامہ اقبال روڈ سے گرفتار کیا گیا۔
ایس پی چوہدری اثر علی نے کہا کہ شارع عام پر ون ویلنگ کرنے والے ان افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا جو معصوم شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ جیسے خونی کھیل میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
ایس پی سِول لائنز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں تاکہ نہ صرف ان کی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے سے بچایا جا سکے۔
گڑھی شاہو پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، اور اس قسم کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔