ٹریفک آرڈیننس معطلی کی خبریں بے بنیاد، قانون پر مکمل عمل ہوگا،مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین ہر صورت نافذ رہیں گے اور قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس معطل کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا۔
اس سے قبل پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹریفک آرڈیننس روکنے سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رہے گی۔
دوسری جانب وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ہڑتالی ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کے بعد اعلان کیا تھا کہ اُن کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں اور ’’عارضی‘‘ طور پر ٹریفک آرڈیننس کو معطل کیا جارکھا ہے، جبکہ جرمانوں پر بھی فی الحال عمل نہیں ہوگا۔ ان کے اس اعلان کے بعد متحدہ ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم مریم نواز اور مریم اورنگزیب کی جانب سے آرڈیننس معطل نہ ہونے کے واضح بیانات کے بعد ٹرانسپورٹرز میں ابہام پیدا ہوگیا ہے، اور چیئرمین ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ صورتحال واضح نہ ہوئی تو وہ دوبارہ لائحہ عمل طے کریں گے۔
ادھر مِنی مزدا ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر شیر علی نے مؤقف اپنایا ہے کہ ٹریفک آرڈیننس کی معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل ٹریفک آرڈیننس
پڑھیں:
نئے ٹریفک آرڈیننس کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر آئی جی پنجاب کا ردِعمل
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور—فائل فوٹوانسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ موت کو دعوت دینا ہے۔
پنجاب میں نئے ٹریفک آرڈیننس کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی کال پر آئی جی پنجاب پولیس نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظت پر کوئی دباؤ یا بلیک میلنگ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہذب ممالک میں قانون پر عمل داری کی حمایت کی جاتی ہے ناکہ ہڑتالیں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اسکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا مطلب ہے حادثات ہوتے رہیں اور لوگ مرتے رہیں، عوام کے جان کی اہمیت کے مسئلے پر اچھے اقدام کی حمایت ہونی چاہیے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ مہذب ممالک میں قانون کی حمایت ہوتی ہے، ہڑتالیں نہیں، عوام کے جان ا ور مال کا تحفظ ہماری پہلی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہلت دے رہے ہیں، گاڑی بند ہو گی تو سڑک پر نہیں آنے دیں گے، قانون پر عمل کے سوا کوئی راستہ نہیں۔