ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی کی لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت کرتے ہوئے اپنے نمائشی اسٹال پر جدید اور ویلیو ایڈیڈ دودھ اور گوشت کی مصنوعات پیش کیں جس میں شرکاء کی جانب سے بے حد دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ وٹرینیر سائنسز کے شعبہ اینیمل پروڈکٹس ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات میں لسی، موزریلا، پنیر، دیسی گھی، مکھن، امرود اور کھجور کے آئس کریم، کھجور اور اسٹرابیری ذائقے والا دہی، مختلف فلیورز میں دودھ، وی فلیورڈ مشروبات، گوشت کے کوفتے، شامی کباب اور روایتی مٹھائیاں جیسے قلفہ گلاب جامن اور برفی شامل تھیں۔ کیمپ کے انعقاد میں شعبے کے اساتذہ اور ماہرین ڈاکٹر گل بہار خاصخیلی، ڈاکٹر غلام شبیر برہام اور ڈاکٹر منیر احمد جمالی نے طلباء کے ساتھ مل کر نمائش کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے ڈین فیکلٹی ڈین ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، ڈاکٹر فرمان چانڈیو اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو نے طلباء اور محققین کے لیے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سرکاری گاڑی کی نمبر پلیٹ کا پرائیوٹ گاڑی میں استعمال، سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد کے ایم ایس معطل
کراچی:سندھ گورنمںٹ سعود آباد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آغا عامر کو سرکاری گاڑی کی نمبر پلیٹ اتار کر پرائیوٹ گاڑی پر لگانے پر معطل کردیا گیا۔
محکمہ صحت کے ذمے دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ معطل ہوئے ڈاکٹر آغا عامر نے سندھ گورنمنٹ سعود آباد اسپتال کی سرکاری گاڑی کلٹس کی نمبر پلیٹ اتار کر اپنی پرائیویٹ کار میں لگا رکھی تھی، اوریجنل نمبر پلیٹ کا کلر یلو تھا جسے گرین کلر کرکے نمبر پلیٹ میں ٹیمپرنگ بھی کردی گئی تھی۔ وہ پرائیویٹ کار کوئی اورشخص چلاتا تھا۔
منگل کو ایم ایس کے قریبی دوست کی سعود آباد اسپتال کی سرکاری گاڑی کلٹس جی ایس۔ 6751 جب شاہراہ بھٹو کے ٹول پلازا پہنچی تو وہاں موجود عملے نے ٹول ٹیکس طلب کیا جس پر گاڑی میں موجود شخص نے ٹول ٹیکس دینے سے انکار کیا اور کہا کہ سرکاری گاڑی ہے اور میں سندھ گورنمنٹ سعود آباد اسپتال کا ایم ایس ہوں۔
اس پر ٹول ٹیکس والوں کو شبہ ہوا اور انھوں نے گاڑی کی تصاویر بناکر متعلقہ حکام کو بھیج دیں جس پر چیف سیکرٹری سندھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سندھ گورنمنٹ سعود آباد اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آغا عامر کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کے تحریری احکامات جاری کردئیے۔
واضح رہے کہ صوبائی محکمہ صحت نے 20 دسمبر 2024ء کو سندھ گورنمنٹ اسپتال سعودآباد کے ایم ایس ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی گریڈ 20 کا تبادلہ کرکے گریڈ 19 کے ڈاکٹر آغا عامر کو ایم ایس مقرر کیا تھا۔ ڈاکٹر پیر غلام نبی شاہ جیلانی گریڈ20 کی سینیارٹی لسٹ میں 5 ویں نمبر پر ہیں اور ڈاکٹر آغا عامر گریڈ 19 کی سینیارٹی لسٹ میں 140 ویں نمبر پر تھے لیکن حکومت سندھ نے سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ڈاکٹر آغا عامر کو قواعد کے برخلاف تقرری کے احکامات جاری کیے۔