آئندہ الیکشن سے قبل اوور سیز پاکستانی ووٹنگ کیس کا فیصلہ کردینگے،جسٹس جمال مندوخیل
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آئندہ الیکشن سے قبل اوور سیز پاکستانی ووٹنگ کیس کا فیصلہ کر دیں گے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم آئینی بینچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کیس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ ہے۔ دوران سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آج وقت کم ہے، اس کیس کو جلد سن لیں گے، ابھی تو الیکشن ہو بھی نہیں رہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ الیکشن سے پہلے اس کیس کا فیصلہ کر دیں گے، کیس کی آئندہ سماعت 2 ہفتوں بعد ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جسٹس جمال مندوخیل کیس کی
پڑھیں:
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روک دیا گیا
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روک دیا گیا۔
عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام سے روکنے کا حکم دیا ہے۔
سینئر قانون دان بیرسٹر ظفر اللّٰہ خان اور اشتر علی اوصاف عدالتی معاون مقرر کردیے گئے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل سے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر معاونت طلب کرلی گئی ہے۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی تھی اور ڈویژن بینچ نے میاں داؤد کی درخواست پر آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔