بھارت میں انتہا پسند ہندوسرگرم
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
ریاض احمدچودھری
اتر پردیش کے سنبھل ضلع کی شاہی جامع مسجد کی سروے کے نتیجے میں پرتشدد واقعات کے چند دنوں بعد اب اجمیر کی مقامی عدالت نے صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کے مزار کے سروے کے حکم دیا ہے، جس سے ایک اور تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔اوقاف کے تحفظ کے لیے سرگرم کارکن انعام الرحمان نے کہا کہ یہ نہ صرف نامناسب بلکہ غیرقانونی بھی ہے، ”کیونکہ بابری مسجد تنازعہ پر سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ آئندہ ایسے معاملات اٹھائے نہیں جائیں گے۔ اس طرح کے اقدامات ملک کے لیے ہر طرح سے نقصان دہ ہیں۔” ایسا لگتا ہے کہ اس طرح کی نوٹس جاری کرنے میں نچلی عدالتوں نے مسابقت شروع کردی ہے۔ اس سے ملک کا امن وامان متاثر ہو رہا ہے، ماحول خراب ہورہا ہے، بھائی چارہ ختم ہو رہا ہے۔ یہ سب کچھ رکنا چاہیے۔” اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے حکومت، عدلیہ، مسلمان اور اکثریتی ہندو فرقے میں سے ہر ایک کو اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔بھارت میں انتہا پسند ہندوسرگرم ہیں مسلمانوں کی املاک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بھارت میں انتہا پسند ہندوئوں نے حضرت معین الدین چشتی کی درگاہ کی جگہ مندر تعمیری کرنے کی گھنائونی مہم شروع کردی۔
بھارت میں شہید بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کے بعدہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی نے اجمیر شریف میں مسلمانوں کی ایک اور مقدس درگاہ کی جگہ پر مندر کی تعمیر کیلئے مہم شروع کر دی ہے ، اجمیر کی ایک عدالت نے صوفی بزرگ حضرت معین الدین چشتی کی درگاہ کی شیو مندر کے مقام پر تعمیرکے دعوے سے متعلق درخواست پر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور مودی حکومت کو نوٹسز جاری کئے بعد ازاں بھارتی سپریم کورٹ نے آئندہ احکامات تک سروے کو روک دیا ہے۔ ہندوتوا تنظیموں بی جے پی اورآر ایس ایس دانستہ طورپر مسلمانوں کو غیرملکی ثابت کر نے کی کوشش کرر ہی ہیں۔
بھارت بھر میں مسلمانوں کی جائیدادوں اور مذہبی مقامات کو انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں بلڈوز کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے اور متنازعہ وقف ترمیمی بل بھی مودی حکومت کی اسی مہم کا حصہ عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیاگیاہے کہ اجمیر میں صوفی بزرگ معین الدین چشتی کی درگاہ کے اندر شیو مندر موجود ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے ثقافتی ورثے اور مذہبی مقامات پر ہندو انتہاپسندوں کاکنٹرول حاصل کرنا ہے۔ایودھیا میں شہید بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر ہندوئوں کے قبضے کی پہلی کوشش تھی اور مودی حکومت کے تحت ہندوتوا گروپوں کی طرف سے درگاہ اجمیر شریف کو منہدم کرنے کی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔ہندوتواتنظیموں کی یہ کوشش بھارت کی تاریخ کو دوبارہ تحریر کرنے کی ایک بڑی مہم کا حصہ ہے۔مہم کے تحت ہندوتواگروپ ہندوستان کے مسلم حکمرانوں کو ظالم قرار دے رہے ہیں۔مودی کے دور حکومت میں بھارت میں مسلمانوں کے مقدس مذہبی مقامات کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔
سپریم کورٹ کے سینئر وکیل راجیو رام چندرن اس نئی صورت حال کے لیے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، ”فرقہ پرست عناصر نے قدیم مساجد اور مذہبی مقامات میں مندر تلاش کرنے کی جو مہم شروع کر رکھی ہے اس کے لیے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ ذمہ دار ہیں، جنہوں نے گزشتہ سال بنارس کی تاریخی گیان واپی مسجد میں سروے کی اجازت دے کر اس شرانگیز مہم کا دروازہ کھول دیا۔ حالانکہ بابری مسجد بنام رام جنم بھومی ملکیت مقدمہ میں مذہبی مقامات کے1947 سے پہلے کی حالت برقرار رکھنے کے متعلق قانون کے احترام اور پاسداری پر بڑا زور دیا تھا۔”اس طرح کے نوٹس جاری کرنے کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ بی جے پی حکومت کے دیرینہ ایجنڈے کا حصہ ہے، ”ہندوتوا تنظیمیں ایک عرصے سے مسجدوں کے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد بیانیے کو پھیلا رہی ہیں۔ ایک اور وجہ مسلمانوں کو نیچا دکھانا اور ان کی حوصلہ شکنی کرنا بھی ہے۔”
ہندو سینا کے سربراہ وشنو گپتا کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجمیر کی درگاہ میں ”کاشی اور متھرا” کی طرح ایک مندر موجود ہے، ”برطانوی دور حکومت میں ایک اہم عہدے پر فائز ہربلاس سردا نے 1910 میں اجمیر کی درگاہ میں ایک ہندو مندر کی موجودگی کے بارے میں لکھا تھا۔”اپنی ایک کتاب میں، سردا، جو ایک جج، سیاست دان اور ایک ماہر تعلیم تھے، نے درگاہ کے بارے میں لکھا: ”روایت کہتی ہے کہ تہہ خانے کے اندر ایک مندر میں مہادیو کی مورتی ہے، جس پر ایک برہمن خاندان کی طرف سے جسے درگاہ نے ابھی تک گھڑیالی (گھنٹی بجانے والا) کے طور پر برقرار رکھا ہوا ہے، ہر روز صندل رکھا جاتا تھا۔”
گپتا نے دعویٰ کیا ہے کہ اجمیر(درگاہ) کا ڈھانچہ ہندو اور جین مندروں کو منہدم کرنے کے بعد بنایا گیا تھا، ”اس لیے ہم نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان باتوں کو سنجیدگی سے لیا جائے اور کم از کم سروے کرایا جائے تاکہ سچائی سامنے آسکے۔ ان کی تنظیم چاہتی ہے کہ درگاہ کو ہندو مندر قرار دیا جائے، ہمیں پوجا کی اجازت دی جائے اور اگر محکمہ آثار قدیمہ نے کوئی رجسٹریشن دیا ہے تو اسے منسوخ کر دیا جائے۔”ہندو سینا کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ چشتی صاحب یہاں پیدا نہیں ہوئے اور وہ یہاں کے نہیں تھے، ”تو، اس سے پہلے یہاں کون تھا؟ پرتھوی راج چوہان اور یہ شہر اجے میرو کے نام سے جانا جاتا تھا۔”
درگاہ کمیٹی کے ایک ذمہ دار کا کہنا ہے کہ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تنوع اور تکثیریت کی علامت ہے درگاہ کمیٹی کے ایک ذمہ دار کا کہنا ہے کہ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تنوع اور تکثیریت کی علامت ہے۔درگاہ کے سجادہ نشینوں کی تنطیم انجمن سید زادگان کے سکریٹری سید سرور چشتی نے بتایا، ”ہم نے بابری مسجد کیس میں عدالتی فیصلے کے بعد ایک تلخ گولی نگلی تھی اور یہ یقین رکھتے ہیں کہ ایسا کچھ دوبارہ نہیں ہو گا۔ یہ اس ملک کے مفاد میں ہے۔ لیکن کاشی، متھرا، سنبھل یہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔” انہوں نے یاد دلایا کہ 22 جون کو آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ لوگوں کو ہر مسجد میں شیولنگ نہیں ڈھونڈنا چاہییں۔درگاہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تنوع اور تکثیریت کی علامت ہے۔ دنیا بھر میں خواجہ معین الدین چشتی کے کروڑوں پیروکار ہیں اور اس طرح کے مقدمات ملک کے مفاد میں نہیں ہیں۔”
چند دنوں قبل راجستھان کی بھجن لال شرما حکومت نے اجمیر کے سرکاری ملکیت والے ہوٹل ‘خادم’ کا نام تبدیل کر کے ‘اجے میرو’ رکھ دیا ہے۔ راجستھان اسمبلی کے اسپیکر واسودیو دیونانی نے دعویٰ کیا تھا کہ راجستھان کے 12ویں صدی کے جنگجو بادشاہ پرتھوی راج چوہان کے دور میں اجمیر اجے میرو کے نام سے مشہور تھا۔
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: خواجہ معین الدین چشتی مذہبی مقامات سپریم کورٹ بھارت میں اجمیر کی کرنے کی مندر کی مسجد کی کی ایک کی جگہ رہا ہے کے لیے دیا ہے
پڑھیں:
بھارت میں مذہبی پابندیاں
ریاض احمدچودھری
امریکی حکومت کے پینل نے بھارت کو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے اسے مذہبی اعتبار سے تشویشناک ترین ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ رواں سال ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں بھارت بھر میں متعدد افراد قتل کیے گیے، لاتعداد مذہبی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا اور اقلیتی افراد کے گھروں اور عبادت گاہوں کو مسمار کیا گیا۔ بھارتی حکام کی نفرت انگیز تقاریر پر بھی شدید تنقید کی گئی ہے۔رپورٹ میں مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے اور انہیں مذہبی اور سماجی حقوق سے محروم کرنے کے لیے بھارتی قانونی فریم ورک میں تبدیلیوں اور نفاذ کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی امریکی حکومت کے پینل نے مذہبی آزادی کے حوالے سے بھارت کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکمرانی میں اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی میں مزید بدتر ہوگئی ہے۔امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی نے تجاویز دی تھیں لیکن پالیسی نہیں بنائی اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بھارت سے متعلق ان کے مؤقف کی تائید کریگا کیونکہ وہ امریکا کا ابھرتا ہوا شراکت دار ہے۔امریکا کا اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہرسال ان ممالک کی فہرست جاری کرتا ہے جس میں مذہبی آزادی پر بہتری نہ ہونے پر پابندیوں کے امکان کے ساتھ مخصوص تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے۔سالانہ رپورٹ میں نشان دہی کی گئی کہ بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، اس حوالے سے مودی کی بھارتی ہندو قوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کے بیانات کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹس کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔
امریکی کمیشن کے سامنے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی، مذہبی عدم برداشت، اقلیتوں پر ظلم و جبر، میڈیا و انٹرنیٹ پر پابندی، جنسی تجارت اور انسانی حقوق سے متعلقہ دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر شہادت دی۔کمیشن کو بتایا گیا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے اور مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے خلاف قوانین کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ اکثر مسائل کی وجہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتی سیکولر جمہوریت سے تبدیل کرکے اسے ہندوتوا بنانے کی کوشش ہے۔ اگر انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے مسائل کا حل نہ کیا گیا تو بھارت کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ بین الاقوامی مذہبی آزادی کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی 13 ریاستوں میں مذہب کی تبدیلی پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو بنیادی انسانی حق کی خلاف ورزی ہے۔ متعدد رپورٹس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹس سے واضح ہے کہ بھارت میں مسلمان اور مسیحی کمیونٹی سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف بھارت میں مودی حکومت کی زیر قیادت مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مودی سرکار کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے بھارت میں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی،تازہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع شراوستی میں پیش آیا، جہاں ایک 65 سالہ قدیم مدرسہ بغیر کسی قانونی کارروائی اور عدالتی منظوری کے زمین بوس کر دیا گیا۔
مودی سرکار نے وقف بل کے ذریعے پہلے بھی مسلمانوں کی مقدس املاک پر قبضہ کرنے کی راہ ہموار کی،یو پی مدرسہ بورڈ پر مدرسوں کو غیر قانونی قرار دینے کا دباؤ۔ مودی سرکار مدارس کی رجسٹریشن کے لیے شفاف نظام بنانے کی بجائے، مذہبی مقامات کو گرا رہی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق الہٰ آباد ہائیکورٹ نے یوپی حکام کو شراوستی میں مدارس کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کا حکم نہ دیا،عدالتی حکم کے باوجود یوپی انتظامیہ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدارس کو روند ڈالا۔دکن ہیرالڈ کے مطابق شراوستی میں اب تک 28 مدرسے، 9 مساجد، 6 مزارات اور ایک عیدگاہ شہید، جو مسلم تشخص کو مٹانے کی ایک منظم سازش کا حصہ ہے۔مودی کی مسلم مخالف مہم بھارت میں اقلیتوں کے لیے سنگین خطرے کی علامت بن چکی ہے۔مودی سرکار کے 11 سالہ دور میں بھارت کی اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں اور عیسائیوں پر انتہا پسند ہندوؤں کے حملے معمول بن چکے ہیں۔ بی جے پی کی حکومت ہندو انتہاء پسندوں کو کھلی چھوٹ دے کر اقلیتوں کی جان و مال اور مذہبی عبادات کو شدید خطرے میں ڈال چکی ہے۔خصوصاً بھارتی ریاست اڑیسہ میں عیسائی برادری پر انتہا پسند ہندوؤں کے مہلک حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارتی تجزیہ کار ڈاکٹر اشوک سوائن نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور حکومتی ادارے صرف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور اقلیتوں کو انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
نیوز ریل ایشیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، اڑیسہ کے اضلاع نابرانگپور، گجپتی اور بالاسور میں مارچ سے اپریل 2025 کے دوران عیسائی برادری کے خلاف متعدد سنگین واقعات پیش آئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عیسائیوں کو اپنے مرحومین کی تدفین سے روک دیا گیا، ان کے گھروں پر حملے کیے گئے، اور خواتین و بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔خصوصی طور پر نابرانگپور میں عیسائی نوجوان کی تدفین کے بعد لاش کی چوری اور اس کے اہل خانہ پر تشدد کے واقعات سامنے آئے، جبکہ گجپتی میں چرچ پر پولیس کے حملے اور مذہبی علامات کی بے حرمتی بھی کی گئی۔ قبائلی عیسائیوں کو بائیکاٹ اور دھمکیوں کا سامنا ہے اور پولیس ملوث ہو کر ان مظالم میں کردار ادا کرتی نظر آتی ہے۔
بھارتی جریدے کرسچینٹی ٹوڈے نے بھی ان واقعات کی رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست اڑیسہ فرقہ وارانہ تشدد کے دہانے پر ہے، جہاں قانون ہندو انتہاپسندوں کا محافظ بن چکا ہے۔ تین نسلوں سے مسیحی برادری کو "غیر روایتی” قرار دے کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور مقامی میڈیا نے بھی اقلیتوں کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹی خبریں شائع کی ہیں۔مجموعی طور پر، مودی سرکار کے دور میں بھارت کی اقلیتیں شدید جبر، ظلم اور مذہبی آزادی کے حوالے سے سنگین خطرات کا سامنا کر رہی ہیں، جبکہ حکومت اپنی جھوٹی تشہیر میں مصروف ہے اور انصاف کے راستے مکمل بند کر دیے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔