الخدمت کے تحت سکھر میں مفت آئی سرجری کیمپ کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
سکھر(اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیرِ اہتمام سکھر کے مدر چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر میں مفت آئی سرجری کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 160 سے زائد مستحق افراد کی آنکھوں کی مفت سرجری کی گئی۔ اس کیمپ کا مقصد ضرورت مند اور مستحق افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور یہ الخدمت فاؤنڈیشن کے خدمتِ خلق کے مشن کا اہم حصہ ہے۔ کیمپ میں الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن، ضلعی صدر رضا اللہ، امیر ضلع زبیر حفیظ شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز سندھ مامون الرشید باجوہ سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیمپ الخدمت کے اس عزم کا عملی مظاہرہ ہے اور ایسے پروگرامز کے ذریعے ہم مستحق افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ضلعی صدر رضا اللہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مقصد نہ صرف صحت بلکہ تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں کام کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں جدید موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے روزانہ سینکڑوں مستحق مریضوں کو ان کی دہلیز پرمفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ الخدمت کے تمام اسپتالوں اورمیڈیکل سینٹرز پر خدمت کے جذبے سے سرشار عملہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ مامون الرشید باجوہ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے، اور ہم ایسے اقدامات کے ذریعے یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی سفید پوش طبی سہولیات سے محروم نہ رہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: طبی سہولیات فراہم الخدمت فاو نڈیشن نے کہا کہ کے ذریعے
پڑھیں:
پشاور: الخدمت کی جانب سے 8 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پنجاب روانہ
پشاور:الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا وسطی و جنوبی کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان اور رضاکاروں کی تیسری ٹیم پشاور سے پنجاب کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ملتان روانہ کردی گئی۔
اس سامان میں خشک راشن پر مشتمل فوڈ و ونٹر پیکجز، کچن سیٹ، کمبل، بچوں کے ملبوسات، جوتے، روزمرہ استعمال کے برتن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔ پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے ٹرک اور رضاکاروں کی ٹیم روانہ کرنے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع، الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص، جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد اور ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب نے امدادی سامان اور رضاکاروں کو پنجاب کے شہر ملتان کے لیے روانہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر ہر مشکل وقت میں پنجاب کے عوام نے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔ آج جب ہمارے صوبے کے شمالی اور بالائی اضلاع میں سیلاب اور کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں تو اس موقع پر بھی اہلیانِ پنجاب نے بڑھ چڑھ کر خیبرپختونخوا کے متاثرینِ سیلاب کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ پورے ملک، بالخصوص پنجاب میں جاری ہے اور اس وقت پنجاب کا 70 فیصد رقبہ سیلابی پانی کے زیر اثر ہے، اس مشکل وقت میں الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکار اور کارکنان اہلیانِ پنجاب کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
الخدمت خیبرپختونخوا وسطی نے ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ ویلج کا انتظام کر رکھا ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے الخدمت کے پی کے رضاکار پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا اور صوبے سے رضاکاروں کی تیسری کھیپ اور آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ آج ملتان روانہ کردیا گیا ہے۔