اے بی ڈی ویلیئرز کی کرکٹ میں واپسی: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں کھیلیں گے
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
کیپ ٹاؤن: چار سال قبل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی ویلیئرز نے خود تصدیق کی ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ میدان میں کھیلتے نظر آئیں گے۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ وہ 2021 تک فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہے تھے۔ تاہم، 2021 میں انہوں نے کرکٹ سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اور ان کا آخری میچ آئی پی ایل میں رائل چیلنجز بنگلور کے لیے تھا۔
اب اے بی ڈی ویلیئرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن میں جنوبی افریقا چیمپئنز کی نمائندگی کریں گے اور اس کے علاوہ ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔اپنی کرکٹ میں واپسی کے فیصلے پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے کہا کہ چار سال پہلے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ انہوں نے اس لیے کیا تھا کیونکہ اس وقت کھیلنے کی خواہش کم ہو گئی تھی، مگر اب وقت کے گزرنے کے ساتھ ان کے بیٹے کی کرکٹ میں دلچسپی نے انہیں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کا جذبہ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ دوبارہ فٹنس کے لیے نیٹس اور جم میں جا کر تیاری کر رہے ہیں اور ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے ایڈیشن میں حصہ لینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اے بی ڈی ویلیئرز کی کرکٹ میں واپسی پر کرکٹ کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مداح بے صبری سے ان کا دوبارہ ایکشن میں آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ اختتام پذیر
ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔
پی این روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں ناصر اقبال نے سیکنڈ سیڈ طیب اسلم کو 1-3 سے شکست دی۔
ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی نے اپنی بڑی بہن سحرش علی کو 0-3 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں 20 لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم تقیسم کی گئی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔
کموڈور مدثر خورشید نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔
تقریب میں کمانڈر کراچی فیصل عباسی، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، اولمپیئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔