غفلت برتنے والوں کو فارغ کیا جائے گا، علی امین گنڈاپور
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
فائل فوٹو۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں غفلت برتنے والوں کو عہدوں سے فارغ کیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کا اجلاس ہوا۔
اس موقع پر غیرتسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 99 نکاتی عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کے اقدامات کے تصویری ثبوت بھی فراہم کیے جائیں۔
انھوں نے کہا عوام کو خدمات اور سہولتوں کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ، معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے کہا سرکاری امور کی انجام دہی میں غفلت برتنے والوں کو عہدوں سے فارغ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں، حکومت اربوں روپے خرچ کر رہی ہے، ان کے ثمرات بھی عوام کو ملنے چاہئیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے اسے فوری واگزار کرائی جائے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علی امین گنڈاپور نے کہا
پڑھیں:
سرکاری عہدہ رکھنے والوں اور غیر فعال کارکنان کو پارٹی میں شامل نہ کرنیکی ہدایات
تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں نئی تنظیم سازی کے لئے طریقہ کار اور گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں۔
اعلامیہ کے حوالے سے بتایا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی تنظیم نو کیلئے طریقہ کار و گائیڈ لائنزجاری کی گئی ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے پی کے طریقہ کار کے مطابق ضلعی تنظیموں میں 9 مئی واقعات کے بعد اور گزشتہ عام انتخابات کے دوران فعال کارکنان کو پارٹی تنظیموں میں شامل کرنے کے لئے ترجیح دی جائے گی جبکہ 9 مئی کے واقعات کے بعد غیرفعال رہنے والے کارکنان اور سرکاری عہدہ رکھنے والوں کو بھی پارٹی تنظیموں میں شامل نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کی تنظیمیں بنانے کے لئے پینل تشکیل دیے جائیں ، پارٹی کے ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز ضلعی سطح پر پینل تیار کریں گے، تنظیموں میں نااہل ،غیرفعال اور متنازع رہنما شامل نہیں ہوں گے۔
ریجن کے عہدیداروں کی تقرری 29 اپریل ، ضلعی عہدیداروں کی 9 مئی جبکہ تحصیل عہدیداروں کی تقرری 23 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی تنظیموں کی حتمی منظوری کا اختیار صرف پارٹی کے صوبائی صدرکو حاصل ہوگا۔