بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے عالمی ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
لاہور ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد واپس وطن آگئے۔محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ پر خاندان کے افراد سے ملاقات کی.
بعد ازاں بے گناہ خاندان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا .جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے. ٹیم نے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا، ملک میں منشیات خاتمہ کرنے کے لیے اے این ایف کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں. ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔
بعد ازاں فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا. اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔اے این ایف نے ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا اور انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بے گناہ خاندان اے این ایف نے
پڑھیں:
کراچی اور حیدر آباد میں حوالہ ہنڈی کیخلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار
کراچی ، حیدر آباد: ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی اور متعلقہ غیر قانونی کاموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم اور کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے 2 ملزمان اقبال اور سلمان کو گرفتار کیا ہے۔
دونوں ملزمان کو نکل روڈ اور پی ای سی ایچ ایس کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں، جن کے قبضے سے 88 لاکھ روپے سے برآمد کرلیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ملزمان کے قبضے سے 2155 امریکی ڈالر، 5835 یو اے ای درہم، سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان سے مختلف مالیت کے پرائز بانڈ بھی برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزمان سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے، جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے حیدرآباد زون کی بڑی کاروائی
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل لاڑکانہ نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان احسن علی اور ندیم کو قمبر سٹی لاڑکانہ سے گرفتار کرلیا، جن سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے سے برآمد کیے گئے ہیں۔
گرفتار ملزمان سے 5 موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے ۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔