امریکی امداد کی بندش، 12لاکھ افغان پناہ گزینوں سمیت 17لاکھ افراد متاثر
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
٭افغان پناہ گزینوں سمیت 17لاکھ افراد جنسی و تولیدی صحت کی ضروری خدمات سے محروم ہو جائیں گے
٭بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں سمیت تقریباً 6 لاکھ افراد کے لیے خدمات کی فراہمی بند ہو جائے گی
ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے امریکی غیر ملکی امداد روکنے سے پاکستان میں 17 لاکھ افراد متاثر ہوں گے ، جن میں 12 لاکھ افغان پناہ گزین بھی شامل ہیں۔آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) کے مطابق امریکا دنیا بھر میں ترقیاتی امداد فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔یہ زیادہ تر امداد امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے کی جاتی ہے ، جو آزاد حکومتی ادارہ ہے ، جسے 1961 میں کانگریس نے قائم کیا تھا۔واضح ہے کہ دو روز قبل ایلون مسک نے تصدیق کی تھی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ایجنسی کو ختم کرنے کی اجازت دی ہے ، جو 1961 کے غیر ملکی امدادی ایکٹ کے تحت امریکی غیر ملکی امداد کو مربوط کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اس پر تفصیل سے بات کی تھی اور انہوں نے اتفاق کیا کہ ہمیں اسے بند کر دینا چاہیے ۔یو این نیوز نے رپورٹ کیا کہ پاکستان میں 12 لاکھ افغان پناہ گزینوں سمیت 17لاکھ افراد جنسی و تولیدی صحت کی ضروری خدمات سے محروم ہو جائیں گے ، اس وقت ادارہ 60 سے زیادہ مقامات پر یہ سہولیات مہیا کر رہا ہے ۔ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں سمیت تقریباً 6 لاکھ افراد کے لیے خدمات کی فراہمی بند ہو جائے گی۔مزید رپورٹ کیا کہ بنگلہ دیش میں 10 لاکھ سے زیادہ روہنگیا کو کاکس بازار کے کیمپ میں مشکل ترین حالات کا سامنا ہے ، اور ان کے ہاں نصف بچوں کی پیدائش ’یو این ایف پی اے ‘کی مدد سے ہوتی ہے ۔جنسی و تولیدی صحت کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایف پی اے ) میں ایشیا اور الکاہل کے لیے ریجنل ڈائریکٹر پیو اسمتھ نے کہا کہ امریکا کے فیصلے سے دنیا کے غریب ترین علاقوں میں رہنے والے لوگ بری طرح متاثر ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ان جگہوں پر خواتین غیریقینی حالات میں کسی مدد کے بغیر بچوں کو جنم دیں گی، فسچولا جیسی طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جائے گا، نومولود بچے قابل انسداد وجوہات کی بنا پر ہلاک ہونے لگیں گے اور صنفی بنیاد پر تشدد کے متاثرین کو طبی و نفسیاتی مدد میسر نہیں رہے گی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
وفاقی وزیر عمران شاہ کابی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ،مستحق افراد کی بروقت مالی امداد پر زور
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان میں خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے میں بی آئی ایس پی کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے جنہوں نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران اس پروگرام کی بنیاد رکھی۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے 2008 میں پروگرام کو عملی جامہ پہنایا۔ پروگرام میں شمولیت کیلئے قومی شناختی کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا اور اسطرح پاکستان کی تقریبا ًایک کروڑ غریب خواتین کو قومی شناخت ملی۔ یہ اقدام پاکستان کی ترقی اور بالخصوص خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن نے پاورٹی گریجویشن اور سکل ٹریننگ کے اقدامات جیسے کہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے مستحقین کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے بی آئی ایس پی کے عزم کا اظہار کیا جس کا مقصد مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کو عالمی تقاضوں کے مطابق تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے ۔ مزید برآں، انہوں نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور اسٹیک بینک آف پاکستان کے تعاون سے مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کیلئے پائلٹ مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے سکل ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیا ۔
انہوں نے ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیجنے کے حوالے سے جرمنی جیسے ممالک کے ساتھ اشتراک کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سروے کے تحت رجسٹرڈ مستحق افراد کو بروقت مالی امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی پولیس کے محکموں کے ساتھ مشترکہ کوششوں سے نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ وزٹ کرنا ضروری ہے۔وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے ملک میں تخفیف غربت کے حوالے سے بی آئی ایس پی کے کردار کی تعریف کی اور مستحقین میں پروگرام سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پسماندہ طبقات بالخصوص خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مشن کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے وفاقی وزیر کو بی آئ ایس پی کے تحت خواتین کی مالی معاونت اور سماجی تحفظ کے متعدد اہم اقدامات سے آگاہ کیا جن میں نئے ادائیگی کے ماڈل، ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم، موبائل رجسٹریشن وینز (MRVs) اور نوعمر لڑکیوں کے لیے غذائیت کا پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے ملک میں ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران متاثرہ افراد کی مدد کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور نے بی آئی ایس پی کے بنیادی پروگراموں کا ایک جامع جائزہ پیش کیا جن میں بینظیر کفالت، بینظیر تعلیمی وظائف، بینظیر نشوونمااور قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER) شامل ہیں۔