’’ملک میں پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ کا نیا دور شروع ہونے والا ہے‘‘ ویڈیو دیکھیں
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
کراچی:
ملک میں پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آ گئی۔
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد) کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی نے بڑی خوش خبری سنا دی، انہوں نے کہا کہ پراپرٹی کانیا دور شروع ہونے والا ہے۔ حکومت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کررہی ہے۔
اپنے بیان میں محسن شیخانی نے کہا کہ حکومت فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خریدوفروخت ومنتقلی پر ٹیکس 13فیصد سے کم کرکے 2 سے 3 فیصد کررہی ہے۔ کیپٹل ویلیو ٹیکس، کیپٹل گین ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سپر ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں کمی اور خاتمہ ہوگا۔
محسن شیخانی نے کہا کہ حکومت پراپرٹی سیکٹر میں فائلرز پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کررہی۔ زمینوں پر قبضوں کو خالی کروانے کے لیے بلاول بھٹو نے آئی جی سندھ کی ڈیوٹی لگائی ہے۔ پراپرٹی میں فارن انویسٹمینٹ بڑھانے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آباد نے فارن انویسٹرز کو کم قیمت کی رہائشی اسکیموں کامسودہ دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں قائم کچی آبادی کو شہری حکومت کے ساتھ ماڈل پروجیکٹ بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم سے اہم ملاقات کے لیے آباد کے وفد کو اس ہفتے بلایا جائے گا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسلام آباد میں عوامی سہولت کے لیے کئی بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوام کی سہولت کے لیے متعدد نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے منصوبوں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ فیض آباد انٹرچینج میں توسیع کرتے ہوئے دو نئی لینز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصل چوک پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے 2+2 لین کے انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ انڈر پاس کی پلاننگ آئندہ ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ اسی طرح بلیو ایریا میں مکمل شدہ پارکنگ پلازہ کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پارکنگ پلازہ اور فوڈ اسٹریٹ کے لیے جدید اور منافع بخش بزنس ماڈل تیار کرنے کی ہدایت دی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی جب کہ مقامات کی جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ دورانِ اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ میں پیڈسٹرین ٹریکس، فوڈ اسٹالز، بیٹھنے کے بینچز اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے مخصوص جگہوں کا تعین ہو چکا ہے۔
بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں کمرشل دکانیں، روف ٹاپ ریستوران، پلے لینڈ، سینما اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔