چین 2 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے گا: احسن اقبال
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
شکر گڑھ (نامہ نگار) وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج شکر گڑھ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت آئی ٹی کی تعلیم سے جڑا ہے۔ ہم نوجوانوں کو چھ چھ ماہ کے آئی ٹی کورسز سکھانے جا رہے ہیں۔ خواتین گھر بیٹھ کر لاکھوں کما سکتی ہیں۔ وزیر اعظم پروگرام کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو چائنہ آئی ٹی تعلیم دے گا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تعلیم سے ملکی ترقی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ نوجوان کو سوشل میڈیا سے گمراہ کیا جا سکتا ہے۔ ایک نوجوان کی میرے سے کوئی دشمنی نہیں تھی مگر اس نے سوشل میڈیا کی پوسٹوں سے متاثر ہوکر میری جان لینے کی کوشش کی۔ نوجوان نے مجھے جو گولی ماری وہ نفرت کی گولی تھی جو آج بھی میرے جسم میں ہے۔ کچھ جماعتیں ہیں جو کہتی ہیں کہ ہمیں ووٹ دوگے تو جنت میں جاؤ گے، ان کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ رمضان میں ہمیں ریفریشر کورس کرنا ہے۔ آج ہم نے قرآن مجید سے تعلق توڑ دیا ہے، قرآنی تعلیم سے ہم سوشل میڈیا کے بہکاوے سے بچ سکتے ہیں۔ ہمارے پاس دنگا فساد اور گالم گلوچ کرنے والوں کی کمی نہیں ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
میری دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی عظمت کو بحال کر سکے: احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی عظمت کو بحال کر سکے۔ میرے بچپن میں کراچی ترقی یافتہ اور روشنیوں کا شہر ہوا کرتا تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی سے چوتھی جماعت تک عائشہ باوانی اسکول میں پڑھا ہوں، طالبعلم اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں کل کو کوئی بھی ملک کا وزیر بن سکتا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ باوانی فیملی کی تعلیم میں بہت کاوشیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہم سب سے پیچھے ہیں، ہمارے تعلیمی ادارے فقط روزگار مہیا کرنے کے لیے نہیں بلکہ مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مستقبل کی جنگ ہے جو لیبارٹریز کے اندر لڑی جا رہی ہے، نئی ایجادات ہونی چاہئیں تاکہ دنیا کے ساتھ مقابلہ کر سکیں، او لیول اور اے لیول کو بڑھاوا دیا ہے، اس سے ہماری روٹس خراب ہو گئی ہیں۔ ہمیں شیکسپیئر کا معلوم ہوگا لیکن اپنے ہیروز کا علم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے منفی نظریات کا پھیلاؤ بہت خطرناک ہے، منفی پروپیگنڈا اور منفی نظریات کی وجہ سے مجھ پر چلائی گئی گولی ابھی تک میرے جسم میں ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کو منفی نظریات سے بچانا ہو گا۔