صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب،ایوان صدر نے حکومت سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے معاملے پر ایوان صدر نے حکومت سے ایک سالہ کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔ذرائع کے مطابق صدر اپنے خطاب میں ایک سالہ کارکردگی کے اہم نکات کا ذکر کرینگے ،صدر کی تقریر میں حکومت کے اہم معاشی اقدامات کے نتائج کا بھی ذکر ہوگا،صدر کیجانب سے غریب طبقے کے لیے بعض اعلانات بھی متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر نے اس حوالے سے بھی حکومت سے تفصیلات مانگی ہیں ،صدر آصف زرداری اپنے خطاب میں کشمیر فلسطین سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی اظہار خیال کرینگے ،اپوزیشن کے متوقع احتجاج کے پیش نظر صدر کے خطاب کا دورانیہ بیس سے پچیس منٹ ہوگا ۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دس مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،صدر کے خطاب کے ساتھ ہی دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوجائے گا ،سپیکر قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کرینگے، عسکری قیادت گورنرز وزراء اعلیٰ سمیت صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو بھی مشترکہ اجلاس دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن سینیٹرز کا شور شرابہ، ہنگامہ آرائی
پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کے بعد حکمران اتحادی پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کیا۔
اجلاس میں اپوزیشن سینیٹرز نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران خوب نعرے بازی کی۔
اپوزیشن سینیٹرز نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر چیئرمین سینیٹ نے ارکان کی گنتی شروع کروادی۔
دوسری طرف پی پی سینیٹرز احتجاج کےلیے نشستوں سے اٹھ کر چیئرمین ڈائس کے سامنے آگئے، انہوں نے احتجاج کے دوران پانی چوری نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شیری رحمان سے بات کر کے معاملے کو بحث کےلیے ایوان میں لے آئیں۔
دوران خطاب اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے، کثیر جماعتی مشاورت بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر بیٹھ کر بات ہوگی، کوئی چیز بلڈوز نہیں ہوگی، کابینہ کے ارکان ایوان میں سوالوں کے جواب دیں گے۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹرز احتجاج کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کرگئے، جس کے بعد ن لیگی سینیٹر بھی ایوان سے چلے گئے۔