حکومت نے امریکی آشیرباد کیلئے نئی سہولت کاری کا آغاز کر دیا: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 8th, March 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے امریکی آشیرباد حاصل کرنے کے لیے نئی سہولت کاری کا آغاز کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شکریہ ادا کرنے پر شہباز شریف بغلیں بجا رہے ہیں۔ امریکہ افغانستان پر حملہ آور ہوا۔ شریف اللہ کی حوالگی کس معاہدے کے تحت ہوئی؟۔ منصورہ میں بیٹ رپورٹرز کے لیے تقریب افطار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک چلانے میں اپوزیشن اتحاد میں سنجیدگی کا فقدان نظر آتا ہے۔ ہم عوام سے اتحاد کریں گے، عوامی مسائل پر ایکشن پلان ترتیب دیا ہے، عید کے بعد مہنگی بجلی اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا سینئر ڈاکٹر سے سلوک تحقیر آمیز تھا، دنیا بدل گئی شریف فیملی کے بادشاہانہ طرز عمل میں تبدیلی نہیں آئی، حکومت فارم 47 کی بنیاد پر جیسے تیسے بھی بن گئی، اہل اقتدار کا غرور ختم نہیں ہو رہا۔ حکومت صرف اشتہارات میں نظر آتی ہے، کارکردگی صفر ہے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ برس کسانوں کو گندم خریداری کے موقع پر دھوکا دیا، حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگاتی، آئی ایم ایف کے حکم پر زراعت پر سبسڈی ختم کر دی گئی، جاگیرداروں پر ٹیکس کا معاملہ ہو یا حکمرانوں کی مراعات وہاں حکومت کو آئی ایم ایف کی شرائط کی پرواہ نہیں ہوتی۔ افغان سرزمین کسی صورت ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن کے قیام کے لیے سیاسی پارٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لے، اس مقصد کے لیے ان کیمرہ سیشن ہونا چاہیے۔ بنگلہ دیش میں بھارت مخالف جذبات بڑے پیمانے پر پائے جاتے ہیں، حکومت کا کام ہے اس حوالے سے پالیسی تشکیل دے، پاکستان اور بنگلہ دیش دو ملک اور ایک نیشن کے طور پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
یہ کیا ڈرامہ ہے سڑکیں ٹھیک نہیں اور مہنگے ای چالان کئے جارہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر نے کہا کہ لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے شہر کو آزادی دلائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ یہ کیا ڈرامہ ہے سڑکیں ٹھیک نہیں اور مہنگے ای چالان کئے جا رہے ہیں، ٹرانسپورٹ ہے نہیں اور ای چالان ہزاروں میں آ رہے ہیں، لاہور میں جو چالان 200 روپے کا ہے وہ سندھ میں 5 ہزار روپے کا ہے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے کام بھی ہم کو دیکھنے پڑتے ہیں، ایس تھری منصوبہ کہاں چلا گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے نہیں بن رہا، جبکہ ریڈ لائن نے یونیورسٹی روڈ کا برا حال کر دیا ہے، اورنج لائن میں بھی پورے اورنگی کو کور نہیں کیا گیا، 400 بسیں لا کر لوگوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے شہر کو آزادی دلائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جیت کر لوگ کہتے تھے اختیارات ملیں گے نہیں تو کام کیسے کریں گے، پیپلز پارٹی کی سیٹوں میں من پسند حلقہ بندیوں کی وجہ سے اضافہ ہوا، پیپلز پارٹی نے دھاندلی کرکے اپنا میئر بنایا اور ابھی تک ٹاؤن کو اختیارات منتقل نہیں کیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کچرا اٹھانے کا اختیار بھی سندھ حکومت کے پاس ہے، گھر سے جو کچرا اٹھایا جاتا ہے اس کے پیسے لوگ خود ادا کرتے ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے پاس گھر سے کچرا اٹھا کر لینڈ فیلڈ سائٹ تک پہنچانے کا پورا میکنزم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کو کام کرنے سے روکا جارہا ہے، سٹی وارڈن کو استعمال کرکے کام میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنے ٹاؤنز میں اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، 15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا، صرف قبضے کی سیاست جاری ہے، گاؤں اور دیہات پر قبضے کے بعد شہروں پر قبضہ کر لیا ہے، تعلیم خیرات نہیں یہ ہمارے بچوں کا حق ہے۔