خودکش بمبار زیادہ ہونیکی وجہ سے بی ایل اے نے نئے خودکش بمباروں کی بھرتی بند کردی ہے، پھلین بلوچ
اشاعت کی تاریخ: 14th, March 2025 GMT
رکن اسمبلی نے کہا ہے کہ آج بلوچستان میں تھانے اور نوکریاں فروخت ہو رہی ہیں اور وزیراعظم نے ایک سال سے بلوچستان کے ارکان اسمبلی سے ملاقات نہیں کی کہ مسائل کا حل کیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی میں نیشنل پارٹی کے رکن پھلین بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی ایل اے کے پاس اتنے خودکش بمبار موجود ہیں کہ انہوں نے نئے خودکش بمباروں کی بھرتی بند کردی ہے، آج بلوچستان کا کوئی رکن قومی اسمبلی اپنے حلقے میں نہیں جا سکتا اور جب تک حقیقی انتخابات کے ذریعے عوامی نمائندوں کو اختیار نہیں دیا جاتا، مسائل حل نہیں ہوں گے۔
 
 انہوں نے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ وہ ان کے سیاسی مخالف ہیں، لیکن امن و امان کی بحالی صرف ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی جدوجہد اب سرداروں سے نکل کر پڑھے لکھے بلوچ نوجوانوں کے ہاتھوں میں منتقل ہو چکی ہے اور اب مزاحمت میں ڈاکٹر، پروفیسرز اور تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے لڑکیاں شامل ہیں۔ پھلین بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ لاپتا افراد ہیں، کوئی محلہ ایسا نہیں جہاں مسنگ پرسنز نہ ہوں۔
 
 انہوں نے ایک واقعہ کا ذکر کیا جس میں ایک نوجوان 11 سال تک لاپتا رہا اور اس کے گھر سے تین خودکش حملہ آور نکلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بلوچستان میں تھانے اور نوکریاں فروخت ہو رہی ہیں اور وزیراعظم نے ایک سال سے بلوچستان کے ارکان اسمبلی سے ملاقات نہیں کی کہ مسائل کا حل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل استعفیٰ دے چکے ہیں اور اگر ان کی پارٹی اجازت دے تو وہ بھی ایوان میں بیٹھنا چھوڑ دیں گے۔ 
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا : ملک محمد احمد خان
لاہور(این این آئی)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر آپ کو متفق ہونا پڑے گا، سیاست کو ایک رستہ ملنا چاہیے۔ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بڑی اچھی بات کی ہے کہ انہوں نے بات چیت کے دروازے کو کھولا ہے، بات چیت ہی واحد حل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم اکنامک گروتھ چاہتے ہیں۔ صوبوں میں بیٹھے لوگ وفاق سے نہ بات کریں تو بنیادیں ہل جاتی ہیں، جنگوں یا قتل کے بعد بھی بات چیت سے ہی مسئلہ حل کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، پاکستان نے اپنی سفارتی و جنگی برتری دونوں ثابت کیں، پاکستانی انٹیلی جنس کی برتری کو بھی دنیا نے تسلیم کر لیا، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں پیسے دے کر لوگوں کو خرید کر پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے، پاکستان میں پراکسی کا لبادہ اوڑھ کر بھارتی سرمایہ کاری ہوتی ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن اور جہلم کے اسٹیشن سے بھارتی جاسوس پکڑے، پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پہلگام واقعے کو چار پانچ ماہ ہو گئے، 150 دنوں میں ثبوت نہ دیا تو الزام کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔