کراچی: نیوکراچی میں فائرنگ کے واقعے میں ایک جاں بحق، دو زخمی
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
نیو کراچی چھالیہ مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان اور موقع پر موجود افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
مقتول سماجی کارکن اور فروٹ کا کام کرتا تھا جو کہ روز کی بنیاد پر شہریوں کے لیے افطاری کا اہتمام کرتا تھا۔ مقتول کے بیٹے اور رشتے داروں نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے جبکہ واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے علاقے میں بھتہ طلب کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور دیگر جرائم کی وارداتوں پر پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے 5 نمبر چھالیہ مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 45 سالہ عبدالجار کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے وال بابو الدین اور احتشام کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عباسی شہید اسپتال میں مقتول کے بیٹے ، نواسے اور بھانجھے سمیت دیگر افراد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول عبدالجبار فروٹ کا کاروبار اور سماجی کارکن تھے جو روز کی بنیاد پر نیو کراچی 5 نمبر پر شہریوں کے لیے افطاری کا اہتمام کرتے تھے۔ غریبوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ، مقتول 6 بچوں کا باپ تھا جبکہ واقعے سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہمیں تو فون پر اطلاع ملی تھی کہ عبدالجبار کو گولی لگی ہے اور وہ عباسی شہید اسپتال پہنچے تو وہ جاں بحق ہو چکے تھے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او نیو کراچی فیض الحسن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے افطار سے کچھ دیر پہلے فائرنگ کی گئی تھی اور اس کے جواب میں وہاں موجود کچھ افراد کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں عبدالجبار گولی لگنے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
تاہم، پولیس کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نیو کراچی میں چھالیہ مارکیٹ میں لیاری گینگ وار کے نام پر دکانداروں کو بھتے کی کال کر کے پرچیاں بھیجی جا رہی ہیں اور چند روز قبل بھی نیو کراچی میں بھتہ خوروں کی فائرنگ سے ایک راہگیر بچہ فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوچکا ہے۔اس کے علاوہ بھتہ خوری کے حوالے سے پولیس نے متعدد مقدمات بھی درج کیے ہیں جس کی تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے نیو کراچی ڈویژن میں بھتہ طلب کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور کسی بھی بھتہ خور کی تاحال عدم گرفتاری پر کاروبار افراد میں اشتعال پایا جاتا ہے اور وہ اپنی حفاظت کا خود ہی بندوبست بھی کر رہے ہیں ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نیو کراچی
پڑھیں:
کراچی، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلہ، 2 زخمی ڈاکو گرفتار، چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد
کراچی:شہر قائد میں فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے راشد منہاس روڈ سہراب گوٹھ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس یس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت شعیب ولد احسان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام رضی الدین ولد سمیع الدین بتایا۔
گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ملزمان سے ملنے والی موٹرسائیکل 21 جولائی 2026 کو شاہراہ پاکستان سے شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی ۔