مسلم لیگ نے پاکستان بنایا وہی اسے سنوار رہی ہے: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا وہی اسے سنوار رہی ہے۔ یوم پاکستان پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان ایک نئی سوچ، نئے حوصلے اور جذبے کا نام ہے، 23 مارچ ہمیں دنیا میں منفرد اور عظیم قوم بننے کی یاد دلاتا ہے، 23 مارچ 1940 کو جس الگ وطن کیلئے عہد کیا گیا وہ اقوام عالم میں آج ایک روشن ستارے کی طرح چمک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا مسلم لیگ ہی اس کو سنوار رہی ہے، قائد اور اقبال کا پاکستان آج نوازشریف کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، الحمداللہ آج پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں پاکستان اپنی منفرد اور الگ پہچان رکھتا ہے، پاکستان آگے بڑھنے کیلئے بنا تھا اس نے آگے ہی بڑھنا ہے، تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کا قلع قمع کرتے ہوئے اس عظیم قوم نے خوشحالی کا سفر طے کرنا ہے، ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے افواج پاکستان کی ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ارض پاک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قوم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، ہمارے شہداء اور غازی ہمارے ہیروز ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مسلم لیگ
پڑھیں:
پی پی رہنمائوں نے پنجاب حکومت کیخلاف پریس کانفرنسوں کی ریس لگا رکھی ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے قمر الزمان کائرہ کی جانب سے پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کے خلاف پریس کانفرنسز کی ریس لگائی ہوئی ہے اور پھر بھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کر رہے۔ پنجاب میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو اپنا ماضی یاد کر لینا چاہیے۔ جس جماعت کی قیادت ایک خاتون کے پاس تھی، آج پوری جماعت ایک خاتون لیڈر کے خلاف پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔ ہمیں اپنی مقبولیت اور عوامی خدمت پر فخر ہے۔ پیپلز پارٹی کو بھی اپنی مقبولیت اور عوامی حمایت پر توجہ دینی چاہیے۔ ایسی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور نہ ہی اس طرح پیپلز پارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔ یہ اختلاف نہیں بلکہ اجتماعی طور پر پنجاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب، ان کی کابینہ اور صوبے کے تمام ادارے پہلے دن سے سیلاب متاثرین کے درمیان موجود ہیں۔ ایسے سنجیدہ معاملے پر سیاست کرنا قمر الزمان کائرہ جیسے تجربہ کار سیاستدان کے شایانِ شان نہیں۔ جب ذاتی حملے کیے جائیں گے تو جواب بھی ضرور دیا جائے گا۔ آپ سندھ میں بی آئی ایس پی استعمال کریں، ہمیں اعتراض نہیں۔ سندھ میں آپ متاثرین کو 10،10 ہزار دے رہے ہیں، لیکن مریم نواز پنجاب کے متاثرین کو 10،10 لاکھ دے رہی ہیں، جو ان کی اصل ضرورت ہے۔ ہمیں کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں۔ مریم نواز کے 90 سے زائد منصوبے پنجاب کے فنڈز سے مکمل ہو رہے ہیں، اس میں وفاق کا ایک پیسہ بھی شامل نہیں۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ اس حقیقت پر ایک پنجابی ہونے کے ناطے خوشی ہونی چاہیے، افسوس نہیں۔