ٹائیگر ووڈز نے ونیسا ٹرمپ سے تعلقات کی تصدیق کر دی
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
نیویارک: سابق عالمی نمبر ون گولفر ٹائیگر ووڈز نے بالآخر ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی سابقہ اہلیہ ونیسا ٹرمپ سے روابط کی تصدیق کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ٹائیگر ووڈز اور ونیسا ٹرمپ کی دوستی کے چرچے گزشتہ 5 ماہ سے جاری تھے، تاہم اب گولفر نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے تعلقات کی تصدیق کر دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں ووڈز نے ونیسا ٹرمپ کا نام تو نہیں لیا، لیکن ان کی تصاویر شیئر کر کے واضح اشارہ دیا۔ انہوں نے لکھا، "زندگی آپ کے ساتھ بہتر ہے اور آگے سفر کا منتظر ہوں، نجی زندگی کی پرائیویسی کا احترام کریں"۔
واضح رہے کہ ٹائیگر ووڈز 2010 میں اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد دوبارہ شادی نہیں کر سکے، جبکہ ونیسا ٹرمپ نے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے 12 سالہ شادی کے بعد 2018 میں طلاق لی تھی۔
ٹائیگر ووڈز کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کے تبصرے اور قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ملک میں پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آ گئے
ملک میں پولیو کے تین نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں 1 نئے پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمرکوٹ سے پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سال 2025 میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو وائرس کمزور قوتِ مدافعت والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔ پولیو ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچے نہ صرف اپنے لیے، بلکہ دوسروں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، پولیو سے بچاؤ صرف بار بار ویکسین پلوانے سے ہی ممکن ہے۔
علاوہ ازیں پیدائش سے 15 ماہ تک بچوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں۔