خیبرپی کے کے 3 اضلاع میں آج کرفیو نافذ
اشاعت کی تاریخ: 25th, March 2025 GMT
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ضلعی انتظامیہ نے خیبرپی کے کے اضلاع ٹانک، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں 25 مارچ کو کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں سے نہ نکلیں جبکہ باہر سے مذکورہ علاقوں میں آنے والے متبادل راستہ اختیار کریں۔ انتظامیہ کے مطابق ٹانک کے علاقوں ڈبرہ بازار، کوڑ قلعہ، خرگی، منزئی، کڑی وام ٹو جنڈولہ صبح 6 تا شام 6 بجے کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان میں عزیز آباد چوک سے براستہ سرویکئی، جنڈولہ، کوڑ قلعہ، ڈبرہ تک کرفیو ہو گا۔ جنوبی وزیرستان اپر میں آسمان منزہ لدھا، مکین اور مکین سے بی بی راغزئی، سراروغہ، کوٹکئی، جنڈولہ بروند مولا خان سرائے کے راستے کرفیو کے باعث بند ہوں گے۔ شمالی وزیرستان میں رزمک تا گردئی، خرسیِن کے راستوں پر کرفیو ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سورج بھی آگ برسانے لگا، گرمی کی شدید لہر آنے کا امکان۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع پشاور، مردان، سوات اور کوہاٹ میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار اور چمن شامل ہیں، میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کی توقع ہے، جو گرمی کی شدت میں کچھ کمی لا سکتی ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔