لاہور: تین نائجرین باشندوں سمیت 8 ملزمان گرفتار، 15 کروڑ کی منشیات برآمد
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
لاہور:منشیات سیل نارتھ سٹی کوتوالی نے کارروائی کے دوران تین نائجرین منشیات فروشوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے سٹی کوتوالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ این آئی یو نارتھ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث 3 نائیجیرین منشیات فروشوں سمیت 8 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئی اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق برآمد کی گئی منشیات میں 30 کلو آئس، 10 کلو ہیروئن، 1 کلو کوکین، 2 کلو ویڈ، 10 ہزار ڈانسنگ پلز، 86 کلو چرس، 20 کلو افیون شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 15 کروڑ روپے بنتی ہے۔ گرفتار ملزمان میں علی رضا، احسن سلیم، آصف بٹ، اسامہ علی، اور قدیر خان شامل ہیں، جبکہ غیر ملکی نائیجیرین منشیات فروشوں میں ایمنوئی، ایکونا اور نونسو ایمنوئیل شامل ہیں۔ ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ ملزمان لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں، کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر مقامات پر منشیات فروخت کرتے تھے۔ کئی مہینوں سے جاری خفیہ آپریشن کے دوران ان خطرناک گینگز کو مختلف مقامات پر خریداری کے ذریعے ٹریپ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انسداد اغواء برائے تاوان سیل نے پاکستان کے مختلف شہروں سے گھروں سے لاپتہ ہونے والے 8 بچوں کو ٹریس کر کے بحفاظت ان کے ورثاء کے سپرد کر دیا۔ اغواء برائے تاوان سیل نے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کمیونیکیشن کے ذریعے بچوں کو ٹریس کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے مزید بتایا کہ رواں برس کے ابتدائی 3 ماہ میں اغواء برائے تاوان سیل نے 27 بچوں کو بازیاب کرایا، اور منشیات کے خلاف آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ڈی آئی جی
پڑھیں:
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سابق صدر ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل
اسلام آباد:وزیراعظم سے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر نواب زادہ محسن علی خان نے ملاقات کی اور اپنے بیٹے شہریار اور ساتھیوں سمیت (ن) لیگ میں شامل ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے نوابزادہ محسن علی خان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امید ہے آپ خیبر پختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں امن و امان کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔