صدر مملکت، وزیراعظم کا عید پیغامات میں کشمیریوں، فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
اپنے عید پیغام میں صدر مملکت کا کہنا ہے کہ یہ دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا بھی درس دیتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم اور عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اتحاد، ہمدردی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران حاصل کردہ تربیت کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں نافذ کریں۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے عیدالفطر کے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک میں ہم قربِ الہی حاصل کرنے، اپنے کردار کو سنوارنے اور نیکیوں میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ مہینہ ہمیں صبر، برداشت، عبادت اور غریبوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم رمضان المبارک میں حاصل کردہ اس تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کریں اور اپنی عملی زندگی میں بھی اخلاص، ایمانداری اور محبت کے جذبات کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ زکوٰة، صدقات اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔ یہ دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا بھی درس دیتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے اور پاکستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر ڈال دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عیدالفطر کے پیغام میں پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید شکر گزاری، بھائی چارے اور ہمدردی کا دن ہے، جو لوگوں کو رمضان کے بعد بھی تقویٰ، صبر اور قربانی کی اقدار کو برقرار رکھنے کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر میں مظلوم قوموں بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو یاد رکھے جو آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے ان علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: میں اتحاد صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
صیہونی وزیراعظم اور ڈونلڈ ٹرامپ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو
اپنی ایک تقریر میں رافائل گروسی کا کہنا تھا کہ ایرانی و امریکی مذاکرات کاروں کو سمجھنا چاہئے کہ مشرق وسطیٰ اور دنیا کا امن، ان مذاکرات کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکہ کے صدر "ڈونلڈ ٹرامپ" نے صیہونی وزیراعظم "بنیامین نتین یاهو" کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کی خبر دی۔ اس رابطے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرامپ نے کہا کہ میں نے صیہونی وزیراعظم کے ساتھ تجارت اور مختلف امور سمیت ایران کے موضوع پر بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمومی طور پر یہ گفتگو بہت اچھی رہی۔ ہمارے اور اسرائیل کے درمیان تمام موضوعات پر اتفاق ہے۔ واضح رہے کہ یہ ٹیلیفونک رابطہ ایک ایسی صورت حال میں انجام پایا جب آنے والے بدھ کو عمان میں ایرانی و امریکی ماہرین کے درمیان غیر مستقیم اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔
انہی مذاکرات کے تناظر میں IAEA کے سربراہ رافائل گروسی نے اپنی ایک تقریر میں کہا کہ ایرانی و امریکی مذاکرات کاروں کو سمجھنا چاہئے کہ مشرق وسطیٰ اور دنیا کا امن، ان مذاکرات کی کامیابی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی برادری کو مطمئن کر پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کا طریقہ کار اب پہلے سے کہیں زیادہ خطرے میں ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ رافائل گروسی اور عالمی برادری نے اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کو یکسر طور پر نظرانداز کر رکھا ہے۔ اسرائیل اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے متعلق کسی کو جوابدہ نہیں۔