بجلی کی قیمت میں کمی کے وزیراعظم کے اعلان کے بعد تاجروں کا ردعمل بھی آگیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
اسلام آباد:
تاجروں اور صنعت کاروں نے وزیراعظم شہباز شریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف پیکیج گھریلو صارفین اور انڈسٹری کے لیے خوش آئند ہے، اس اقدام سے برآمدات میں بہتری آئے گی۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 7 روپے 41 پیسے کا ریلیف خوش آئند ہے، اس اقدام سے برآمدات میں بہتری آئے گی، شرح سود میں کمی ہوئی ہے اور ملک درست سمت میں جا رہا ہے۔
تاجر رہنما ایس ایم تنویر نے پیکج پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ غلط معاہدے ہوئے تھے، ہم نے یہ ثابت کر دیا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے غلط تھے، آج کا ریلیف گھریلو صارفین سمیت انڈسٹری اور کمرشل کے لیے بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بند جنکوز کو فروخت کیا، جنکوز کی فروخت سے 9 ارب روپے قومی خزانے میں آئے، ڈسکوز کی نجکاری سے 600 ارب کی چوری رکے گی، اگلے 6 مہینوں میں شرح سود 9 فیصد پر آئے گی۔
نائب صدر ایف پی سی سی آئی قرت العین نے کہا کہ 10 ماہ پہلے کہا جا رہا تھا کہ شاید یہ ممکن نہیں ہے ہم نے اپنا پہلا ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران نےکہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ بجلی سستی کی جائے، پُرامید ہیں حکومت بجلی کے ریٹ کو مزید کم کرے گی، ہم پہلی جنگ 80 فیصد جیت چکے ہیں، شرح سود بھی کم ہوگی، کاٹن کے حوالے سے بھی کام ہو رہا ہے، اب ہمیں اپنی پروڈکشن میں اضافہ کرنا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
کراچی: خواجہ اجمیر نگری سے 3 انتہائی مطلوب بھتہ خور گرفتار
کراچی:اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے خواجہ اجمیر نگری سے تین انتہائی مطلوب بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو و سی آئی اے امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان کا تعلق بھتہ خور بہادر پی ایم ٹی گروہ سے نکلا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی ہیں۔ ایس آئی یو نے خفیہ اطلاع پر خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں چھاپہ ماراتو بھتہ خور ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔ پولیس نے کامیاب حکمت عملی سے تینوں مسلح ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت اویس، شاہد اور ابوبکر کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ان انکشافات کے مطابق ملزمان تاجروں کی ریکی کرنے کے ساتھ ساتھ انکے خاندان کی معلومات بھی حاصل کرتے تھے۔ ملزمان تاجروں کی تمام تر معلومات گروہ کے سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کو دیتے تھے۔ گرفتار ملزمان تاجروں کو بھتے کے لفافے بھی پہنچاتے تھے۔ لفافے میں بھتے کی پرچیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں تحریر ہوتی تھیں۔
امجد شیخ نے بتایا کہ ملزمان تاجروں کی رہائش گاہ اور دفاتر پر ہوائی فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ملزمان پر بھتہ خوری، غیر قانونی اسلحے، پولیس پر فائرنگ کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔