دوران پرواز خاتون کی ہلاکت، بھارتی فلائٹ کی ہنگامی لینڈنگ
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
ممبئی سے پرواز کرنے والی انڈیگو فلائیٹ کو مہاراشٹر کے چکلتھانہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑگئی جب دوران پرواز ایک بزرگ خاتون ہلاک ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طیارہ وارانسی جا رہا تھا جب اس کی مہاراشٹر میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔
مسافر خاتون کی شناخت مرزا پور سے تعلق رکھنے والی 89 سالہ سشیلا دیوی کے طور پر ہوئی جن کی مبینہ طور پر 6 اپریل کو ممبئی سے اُڑنے والی پرواز 6E-5028 کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد طبیعت خراب ہونے لگی تھی۔
خاتون کی حالت بگڑنے پر پرواز کے عملے نے طبی ایمرجنسی کا اعلان کیا اور قریبی ایئرپورٹ پر فوری لینڈنگ کی درخواست کی۔
متعدد اطلاعات کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات 10:00 بجے کے قریب چھترپتی سمبھاجی نگر میں اترا جہاں ایک ہنگامی رسپانس ٹیم اور طبی عملہ لینڈنگ کے بعد فوراً متاثرہ خاتون کی مدد کے لیے پہنچا۔
تاہم فوری طبی امداد کے باوجود خاتون کو جانبر نہ کیا جاسکا اور انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
انڈیگو نے بھی اپنے بیان میں اس واقعہ کی تصدیق کی جس میں کہا گیا کہ ممبئی سے وارانسی جانے والی پرواز 6E-5028 کو طبی ایمرجنسی کے نتیجے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔
لیکن فوری طبی امداد کے باوجود، مسافر کی حالت بہتر نہیں ہوئی اور اسے جہاز میں مردہ قرار دے دیا گیا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خاتون کی
پڑھیں:
کراچی، 11 سالہ بچی کی پراسرار ہلاکت، گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کا انکشاف
کراچی:شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 51-C میں واقع ایک گھر سے 11 سالہ بچی آسیہ کی پھندا لگی لاش برآمد ہونے کا دلخراش واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہو رہا تھا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پولیس کے مطابق مددگار 15 کو اطلاع شہری حارث کی جانب سے دی گئی تھی۔ اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچی جہاں محلے کی ایک خاتون نے بچی کو کمرے میں پھندے سے لٹکا ہوا دیکھا تھا۔
محلہ داروں نے کپڑے کی رسی کاٹ کر بچی کو نیچے اتارا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔
لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ آسیہ کی موت گلا گھونٹنے سے واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان نے بچی کو پھندا لگا کر قتل کیا۔
افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مقتولہ کے والد نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا جس کے بعد پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ واقعے سے ایک رات قبل بچی کے والدین کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد بچی کی والدہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔