کوئٹہ: پولیس موبائل پر فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 3 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
کوئٹہ کے علاقے سریاب میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر اور 2 اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا. فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مستونگ روڈ پر شیخ زید ہسپتال کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کیا۔اس موقع پر موبائل میں موجود سب انسپکٹر عبدالولی تنولی اور 2 جوان شہید ہوگئے جبکہ ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
دریں اثنا واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 5 مسلح دہشت گردوں کو ہوٹل کے باہر کھڑی پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے کے بعد اطمینان سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پولیس موبائل پر فائرنگ
پڑھیں:
دہشت گردوں سے لڑنا نہیں بیانیے کا مقابلہ کرنا مشکل ہے، انوارالحق کاکڑ
سابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے لڑنا مشکل نہیں بیانیے کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ شاید لوگ دہشت گردوں کے بیانیے کے مقابل بیانیے کو سمجھنا ہی نہیں چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے تشدد کیا جاتا ہے اور پھر اس کے جواز ڈھونڈ کر بیانیہ بنایا جاتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنے کا بھی جواز دیا جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں سے لڑنا مشکل نہیں بیانیے کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔