ابھیجیت بھٹاچاریا کا ایک بار پھر شاہ رخ کی فلموں کے گانوں کا جائز کریڈٹ نہ ملنے پر شکوہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
بھارت کے معروف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا کا کہنا ہے کہ انہیں شاہ رخ خان کی فلموں کے گانوں کا جائز کریڈٹ نہیں دیا گیا
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار ابھیجیت نے ایک حالیہ انٹرویو میں ایک مرتبہ پھر یہ شکایت کی ہے کہ انہیں شاہ رخ خان کی فلموں کے گانوں کا جائز کریڈٹ نہیں دیا گیا۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان کا شاہ رخ خان سے کوئی ذاتی تعلق نہیں، صرف رسمی سلام دعا ہوئی ہے۔
گلوکار نے واضح کیا کہ ان کی اور شاہ رخ کی جوڑی کو کشور کمار اور امیتابھ بچن کی جوڑی سے جوڑنا درست نہیں۔ ابھیجیت نے طنزیہ انداز میں کہا کہ، ’لوگ مجھے کہتے ہیں کہ وہ شاہ رخ کا گانا ہے، تب مجھے احساس ہوا کہ یہ گانے میرے نہیں، سب کچھ شاہ رخ کا ہے۔ آواز، دھن، فلم، یہاں تک کہ سینماٹوگرافی بھی۔‘
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ ابھیجیت نے جائز کریڈٹ نہ ملنے کا شکوہ کیا ہو۔ 2004 میں فلم ’میں ہوں نا‘ کی ریلیز پر انہوں نے اعتراض کیا تھا کہ فلم کے کریڈٹس میں ہر کسی کا نام تھا، مگر گلوکاروں کا ذکر نہیں تھا۔
ان کا ماننا ہے کہ شاہ رخ کی شہرت میں ان کے گانوں نے بڑا کردار ادا کیا ہے اور اس کا کریڈٹ انہیں ملنا چاہیے تھا۔ شاید یہی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے کہ 2007 میں ’اوم شانتی اوم‘ کے بعد دونوں کے درمیان کوئی گانا ریلیز نہیں ہوا، اور تب سے ان کے تعلقات میں دوری دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ابھیجیت اس سے قبل بھی کئی مرتبہ شاہ رُخ سے اپنے تعلقات کے متعلق بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بن چکے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جائز کریڈٹ کے گانوں شاہ رخ
پڑھیں:
ایک ہی اداکار کیساتھ ماں، بہن، بیوی اور محبوبہ کا کردار نبھانے والی اداکارہ
بھارتی سنیما کی رنگین اور وسیع دنیا میں بے شمار اداکار جوڑیوں نے ناظرین کے دل جیتے ہیں۔
شیو جی گنیسن اور سروجادیوی، شاہ رخ خان اور کاجول، امیتابھ بچن اور جیا بچن جیسے مشہور جوڑوں نے فلمی دنیا میں یادگار فلمیں پیش کی ہیں۔
تاہم ان میں سے زیادہ تر نے چند فلموں میں ہی ایک ساتھ کام کیا، لیکن ایک جوڑا ایسا بھی ہے جس نے اپنی ایک ساتھ فلموں کی تعداد اور مقبولیت کے اعتبار سے باقی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ اعزاز ملیالم سنیما کے لیجنڈری اداکار پریم نذیر اور اداکارہ شیلا (جنہیں پیار سے ’سیمی شیلا‘ کہا جاتا ہے) کو حاصل ہے۔
اس جوڑی نے ایک ساتھ حیران کن طور پر130 فلموں میں کام کیا اور اس انوکھے کارنامے نے انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ دلائی۔
شیلا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تمل فلم انڈسٹری سے کیا، جہاں انہوں نے 1962 میں لیجنڈری اداکار ایم جی رام چندرن کے ساتھ فلم ‘پاسم’ میں ڈیبیو کیا۔
اسی عرصے میں انہیں پہلی مرتبہ ملیالم فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، جو ان کے شاندار فلمی سفر کی شروعات ثابت ہوئی۔
پریم نذیر کے ساتھ ان کی پیشہ ورانہ شراکت نے ملیالم سنیما کو ایک نئی شناخت دی، دونوں نے مختلف کرداروں میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل اداکاری کی۔
فلموں میں پریم نذیر کے ساتھ شیلا کبھی محبوبہ، کبھی بیوی، کبھی بہن اور حتیٰ کہ ماں کے روپ میں بھی نظر آئیں۔
شیلا کی اداکاری کی صلاحیت کا ایک حیرت انگیز مظاہرہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک ہی دن میں انہوں نے 4 مختلف فلموں کی شوٹنگز کیں، جو تمام چنئی میں ہوئیں۔
انہوں نے صبح کے وقت پریم نذیر کی محبوبہ، دوپہر میں بیوی، شام میں بہن اور رات کو ماں کا کردار ادا کیا، ان تمام مناظر کے درمیان صرف 2، 2 گھنٹے کا وقفہ تھا، یہ آج بھی بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک انوکھا واقعہ مانا جاتا ہے۔
شیلا نے 1983 میں فلمی دنیا کو خیر باد کہا، لیکن اس وقت تک وہ ساؤتھ انڈیا کی سب سے قابلِ احترام اور کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہونے لگی تھیں۔
پریم نذیر جنہوں نے 700 سے زائد فلموں میں کام کر کے ایک ناقابلِ یقین ریکارڈ قائم کیا، 1989 میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے، بعد از مرگ انہیں پدما بھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا۔
شیلا اور پریم نذیر کی جوڑی بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے والے جوڑے کا منفرد اعزاز رکھتی ہے۔
ان کا یہ لازوال اشتراک آج بھی فنکاروں اور فلم بینوں کے لیے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے، جو سنیما کے سنہری دور کی علامت بھی ہے۔
Post Views: 1