جے یو آئی نے بلوچستان اسمبلی سے منظور مائنز اینڈ منرلز بل کو مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 15th, April 2025 GMT
سربراہ جے یوآئی کاصوبائی جماعت کو حمایت کرنے والے اراکین اسمبلی سے جواب طلب کرنے کا حکم
بلوچستان اسمبلی میں کچھ جے یو آئی ممبران کی جانب سے پالیسی کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پارٹی پالیسی کیخلاف مائنز اینڈ منرلز بل کی حمایت کرنے والوں سے جواب طلب کرلیا۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی بلوچستان اسمبلی سے پاس مائنز اینڈ منرلز بل کو مسترد کرتی ہے، بل کیخلاف سینٹ میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی ہے۔بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی کے کچھ ممبران کی جانب سے پالیسی کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی، ترجمان جے یو آئی نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی میں کچھ ممبران کا بل کی حمایت کرنا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے، جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نوٹس لے لیا۔اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے صوبائی جماعت کو حمایت کرنے والے اراکین اسمبلی سے جواب طلب کرنے کا حکم دے دیا، صوبائی جماعت سے جلد از جلد تحقیقات کر کے مرکزی جماعت کو رپورٹ دینے کیلئے کہا گیا ہے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
گرین چولستان کا سارا کچا چٹھہ قوم کے سامنے کھولوں گا، ایمل ولی خان
اسلام آباد میں سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میری مٹی اور میرے قوم کے بچوں کے حق کا سوال ہے، مائنز اینڈ منرلز پختونوں اور بلوچوں کے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی اگر مل کر فوج کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو بخوشی کرے۔ اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ گرین چولستان کا سارا کچا چٹھہ قوم کے سامنے کھولوں گا۔ اسلام آباد میں سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اجلاس میں دیکھا کہ سینیٹ کے ملازمین سینیٹرز کو اشارے کر رہے تھے، بدقسمتی سے ملک میں سیاستدان جمہوریت کا جنازہ نکال رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا سینیٹ کے ملازمین یہاں اس لیے بیٹھے ہیں کہ سینیٹ اجلاس کی کارروائی’ان کی مرضی’ سے چلائیں، حکومتی پارٹی مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کورم کی نشاندہی باعث شرم ہے، یہ ایک دن کی تنخواہ نہیں چھوڑتے لیکن سینیٹ کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، اراکین سینیٹ کے اندر ہوتے ہیں لیکن کسی کے اشارے پر اجلاس سے باہر ہوتے ہیں۔
صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ یہ جمہوری نظام بالکل بھی نہیں ہے، دونوں جانب بیٹھے اراکین ایک ہی کمپنی کی پیداوار ہیں، مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر ایک ادارے کی خدمت جبکہ عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، گرین چولستان کا سارا کچا چٹھہ قوم کے سامنے کھولوں گا، یہ لوگ کب تک بھاگیں گے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کالا باغ ڈیم پربھی سب ایک تھے، مگر سب ارمان لے کر چلے گئے۔ ان کا مزید کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میری مٹی اور میرے قوم کے بچوں کے حق کا سوال ہے، مائنز اینڈ منرلز پختونوں اور بلوچوں کے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی اگر مل کر فوج کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو بخوشی کرے۔