کراچی، ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید دو افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کی لاپروائی سے ہونے والے حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
بدھ کی شب جمشید کوارٹر اور سچل کے علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں دو موٹرسائیکل سوار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پہلا واقعہ گرومندر کے قریب بلیو ربن بیکری کے نزدیک پیش آیا جہاں ساڑھے بارہ بجے کے قریب ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 40 سالہ موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹریفک حادثے میں باپ شیرخوار بیٹے سمیت جاں بحق اہلیہ شدید زخمی
زخمی شخص کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی شب وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کے پاس ایسی کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھی جس سے اس کی شناخت ممکن ہو سکے۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو چھیپا سردخانے میں ورثا کی شناخت کے لیے امانتاً رکھوا دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ سچل تھانے کی حدود میں گڈاپ ٹاؤن کے علاقے سعدی گارڈن کے گیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 35 سالہ موٹرسائیکل سوار تنویر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹریفک حادثات میں4 افراد جاں بحق ایک نوجوان شدید زخمی
جاں بحق شخص کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے پہلے سچل تھانے اور بعد ازاں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم پولیس نے ٹینکر کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے علی احمد گوٹھ افغان ایریا میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 20 سالہ جاوید کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
جبکہ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار کے قریب فائرنگ سے 35 سالہ شائستہ نامی خاتون زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے ۔