فینسی نمبر پلیٹ اور رنگین شیشے فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، کراچی پولیس
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
کراچی:
ڈی آئی جی ٹریفک نے دکانداروں کو فینسی نمبر پلیٹس، رنگین شیشوں اور نیلی لائٹس کی غیر قانونی فروخت فوری روکنے کی ہدایت کردی۔
ڈی آئی جی ٹریفک آفس میں ڈی ایس پی سیکیورٹی سعید آرائیں اور ڈی ایس پی ایڈمن کاشف ندیم کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر بھر سے کار ایسیسریز اور نمبر پلیٹس سے وابستہ دکانداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں دکانداروں کو 17 اپریل سے فینسی نمبر پلیٹس ، رنگین شیشوں اور نیلی لائٹوں کی غیر قانونی فروخت تاحکم ثانی فوری بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اجلاس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، خصوصاً فینسی نمبر پلیٹس ، رنگین شیشوں اور نیلی لائٹوں کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور سڑکوں پر قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا تھا جبکہ ان غیر قانونی اشیا کا استعمال نہ صرف بڑھتا جا رہا ہے جو نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ شہریوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
اجلاس میں تمام دکانداروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ فینسی نمبر پلیٹس پر مکمل پابندی عائد ہے اور وہ فینسی یا ڈیزائنر نمبر پلیٹس کی تیاری ، فروخت اور تنصیب فوری طور پر بند کر دیں صرف وہی نمبر پلیٹس قابل قبول ہوںگی جو موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکلز رول 1969 کے مطابق ہوں جبکہ گاڑیوں پر رنگین یا سیاہ شیشوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ گاڑیوں کے شیشوں پر استعمال ہونے والی رنگین فلمز ، بلیک پیپر یا دیگر اشیا کی فروخت اور تنصیب مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔
اجلاس میں نیلی لائٹوں کا غیر مجاز استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے بتایا گیا کہ عام شہریوں کی گاڑیوں پر ان کی تنصیب یا فروخت غیر قانونی ہے اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق دکانداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ 17 اپریل سے گاڑیوں میں استعمال کی جانے والی فینسی نمبر پلیٹس ، رنگین شیشوں اور نیلی لائٹوں سمیت دیگر ممنوعہ اشیا اپنی دکانوں سے ہٹا دیں بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف دکان کی بندش بلکہ بھاری جرمانے اور مقدمات بھی درج کیے جائینگے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رنگین شیشوں اور نیلی فینسی نمبر پلیٹس دکانداروں کو کے مطابق
پڑھیں:
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی؛ غیر قانونی سرحد پار کرتے ہوئے 33 غیر ملکی گرفتار
ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی بارڈر کراسنگ کرنے والے 33 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے تفتان میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کی کوشش کرنے والے 33 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار کیے گئے ملزمان کا تعلق بنگلا دیش سے ہے ، جو رواں سال جون اور جولائی میں وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے۔ ملزمان نے ماشکیل بارڈر ضلع چاغی سے بارڈر کراسنگ کی کوشش کی ۔
ایف آئی اے کی مذکورہ کارروائی فرنٹیئر کور حکام کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان سے قانونی دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کو ماشکیل بارڈر ضلع چاغی کے قریب سے حراست میں لیا، جنہیں باقاعدہ گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔