چنگ چی رکشہ بنانے والی کمپنیوں کو بند کر دینا چاہئے، لاہور ہائیکورٹ
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ چنگ چی رکشہ بنانے والی کمپنیوں کو بند کر دینا چاہئے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر محکمہ ماحولیات سمیت دیگر محکموں کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چنگ چی رکشوں کو روکنا ضروری ہے، نہیں تو یہ پورے شہر میں پھیل جائیں گے۔ چنگ چی رکشہ بنانے والی کمپنیوں کو بند کر دینا چاہئے۔ چنگ چی رکشہ کمپنیوں کو تین ماہ میں ریگولیٹ ہونے کا وقت دیں۔
سی ٹی او لاہور نے عدالت کو بتایا کہ چنگ چی رکشوں پر پابندی کے لیے سمری بھجوا دی ہے۔ چنگ چی رکشہ اور موٹر سائیکل رکشوں کو اجازت دینا جرم ہے، چنگ چی رکشے کے ایکسیڈنٹ میں دس لوگ جاں بحق ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ تین ماہ میں مسئلہ حل کریں، چنگ چی رکشہ فیکٹریوں کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ نہایت ضروری ہے کہ ان کو کنٹرول کیا جائے۔ آئندہ سماعت پر وزیر اعلیٰ کو اس حوالے سے سمری بھجوانے کی رپورٹ پیش کی جائے۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے مال روڈ پر بیٹھے مظاہرین سے متعلق استفسار کیا کہ مظاہرین کا کیا ایشو ہے؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ ان کا معاملہ دیکھیں اور انہیں کسی اور جگہ بٹھائیں۔
وکیل حکومت پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ مظاہرین سے مذاکرات ہو رہے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ ان کی وجہ سے ٹریفک میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ دوسری طرف پی ایس ایل کی وجہ سے بھی ٹریفک بند کردی گئی ہے، دنیا کو یہ تاثر نہ دیں کہ یہاں پر سکیورٹی ایشوز ہیں۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ دس سال ہوگئے ہیں یہی سب ہوتے ہوئے لیکن سکیورٹی ٹھیک نہیں ہوئی۔ کھلاڑیوں کو سکیورٹی دیں، پورا شہر بند نہ کریں۔ پورا شہر بند ہونے سے دنیا کو تاثر جاتا ہے کہ ملک غیر محفوظ ہے۔
عدالت نے کہا کہ دس منٹ ٹریفک رکنے سے آلودگی کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور آنے والے دنوں میں گرمی کی لہر شدت میں اضافہ ہوگا، بہرحال اس صورتحال کو بہتر بنائیں۔
سی ٹی او لاہور نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اس سے قبل بھی اہم ایونٹس پر سڑکیں بند نہیں کیں۔ غیر ملکیوں کو ایسی سکیورٹی پر کوئی اچھا تاثر نہیں جاتا۔ ایسی سکیورٹی صورتحال میں غیر ملکی بھی واپس جا کر شکر ادا کرتے ہیں۔
سی ٹی او نے مزید بتایا کہ وارڈنز کے الاؤنسز کی تجویز بھیج رکھی ہے، بھکاریوں کیخلاف کارروائی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جرمانوں کی ڈیجیٹل ٹکٹ جاری کر رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ان سب کے لیے قانون سازی ضروری ہے۔
عدالت نے محکمہ ماحولیات کو نئی فراہم کردہ گاڑیوں کے بے جا استعمال سے روک دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں یہ نئی گاڑیاں استعمال ہونی چاہئیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ریمارکس دیئے کہ عدالت نے کہا کہ چنگ چی رکشہ کمپنیوں کو بتایا کہ
پڑھیں:
عدالت کو مطمئن کرنے تک ای چالان کے جرمانے معطل کیے جائیں، سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
ای چالان کے بھاری جرمانوں کیخلاف ایک اور شہری نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست گزار جوہر عباس نے راشد رضوی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے انتہائی زیادہ اور غیر منصفانہ ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ سندھ حکومت نے جولائی 2025 میں ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 40 ہزار مقرر کی۔ اس تنخواہ میں راشن، یوٹیلیٹی بلز، بچوں کی تعلیم و دیگر ضروریات ہی پوری نہیں ہوتیں۔
عدالت سے استدعا ہے کہ فریقین کو ہدایت دیں کہ ان جرمانوں کے منصفانہ ہونے پر عدالت کو مطمئن کریں، عائد کیئے گئے جرمانوں کے عمل کو فوری طور معطل کیا جائے۔
درخواست گزار نے کہا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہے، شہریوں کو سہولت نہیں لیکن ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں، لاہور میں چالان کا جرمانہ 200 اور کراچی میں 5 ہزار روپے ہے، یہ دہرا معیار کیوں ہے؟ چالان کی آڑ میں شناختی کارڈ بلاک کرنے کی دھمکیاں دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ وہ غیر منصفانہ اور امتیازی جرمانے غیر قانونی قرار دے اور حکومت کو شہر کا انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں سندھ حکومت، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی ٹریفک، نادرا، ایکسائز و دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر ندیم اعوان نے کراچی میں ای چالان سسٹم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔