کینالز منصوبہ پیپلز پارٹی ہی مسترد کرائے گی: وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
اشاعت کی تاریخ: 19th, April 2025 GMT
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ — فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالز منصوبہ پیپلز پارٹی ہی مسترد کرائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کے شہر سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی قلت کے باعث سیہون میں پانی کا بحران پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کینالز منصوبوں کے خلاف پورا سندھ سراپائے احتجاج ہے، پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کا بھی لوگ کہتے تھے بن رہا ہے، اب یہی صورتحال چولستان کینال کے لیے پیدا کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی ایک طاقت ہے اور ہم اس کا استعمال بھی کریں گے، پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر یہ وفاقی حکومت چل نہیں سکتی، ہمارے پاس اسے گرانے کی طاقت ہے۔
مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کی مقبولیت کے حوالے سے کہا ہے کہ عمر کوٹ کے عوام نے بتا دیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، کچھ لوگوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے ناراض ہیں۔
کنالز کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سنھ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ میں کینالز منصوبوں کو مسترد کیا، بلاول کہہ چکے کہ کینالز معاملے پر عوام کے ساتھ ہوں، وزیرِاعظم کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وفاق کے سامنے کینالز کے خلاف بھرپور احتجاج کیا، عوام کینالز منصوبوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، وکلاء کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ حیدرآباد میں گزشتہ روز جلسہ کیا، 25 اپریل کو سکھر میں جلسہ ہو گا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سندھ مراد علی شاہ مراد علی شاہ نے نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف
پڑھیں:
کینالز پر کام کی معطلی اور سی سی آئی اجلاس بلانے کا فیصلہ قومی یکجہتی کی فتح ہے، فریال تالپور
کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما محترمہ فریال تالپور نے نئے کینالز پر کام روکنے اور 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس بلانے کے حکومتی فیصلے کو قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور سندھ کے عوام کی جدوجہد کی فتح قرار دیا ہے۔
فریال تالپور نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی وفاقی وحدت، آئین کی بالادستی، اور کسانوں کے حق کی فتح کا دن ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اصولی قیادت اور سندھ کے عوام کے پُرامن احتجاج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جب موقف سچا اور نیت صاف ہو، تو حکومت کو عوام کی بات سننی پڑتی ہے۔
مزید پڑھیں: مشترکہ مفادات کونسل میں باہمی رضامندی کے فیصلے تک نہریں نہیں بنیں گی، وزیراعظم
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے نئے کینالز پر کام روکنے اور سی سی آئی اجلاس بلانے کے فیصلے کو ایک دانشمندانہ قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام جمہوری روایات کو مضبوط بنانے، صوبائی خودمختاری کو تسلیم کرنے اور آئینی اداروں کو فعال بنانے کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔
فریال تالپور نے زور دیا کہ وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ اور شفاف تقسیم ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ سندھ کے پانی کے حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور الحمدللہ، آج ہماری آواز سنی گئی۔
مزید پڑھیں: دریائے سندھ پر 6 کینالز کا معاملہ، رانا ثنااللہ کا ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر سے رابطہ
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بین الصوبائی مساوات، پانی کی منصفانہ تقسیم، اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر فیصلوں پر زور دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسانوں، مزدوروں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی نمائندہ جماعت ہے، اور وہ ہمیشہ آئینی اور جمہوری طریقے سے عوام کے حقوق کا دفاع کرتی رہے گی۔
آخر میں فریال تالپور نے تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم قومی مسئلے پر پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔