پاراچنار، ضلع کرم میں پائیدار امن و امان کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 22nd, April 2025 GMT
سیمینار کا مقصد علاقے میں جاری امن کی کاوشوں کا جائزہ لینا اور مستقبل میں دیرپا اور مستحکم امن کی بنیاد رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء اہلبیتء کے دفتر میں “ضلع کرم میں مستقل اور پائیدار امن و امان کیسے قائم کیا جائے؟” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا۔ اس بامقصد اور فکری نشست میں ضلع کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں علماء کرام، اساتذہ، ڈاکٹرز، سماجی کارکنان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شامل تھے۔ سیمینار کا مقصد علاقے میں جاری امن کی کاوشوں کا جائزہ لینا اور مستقبل میں دیرپا اور مستحکم امن کی بنیاد رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرم میں موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی اور پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ علماء کرام نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المسالک اتحاد کو امن کی بنیاد قرار دیا، جب کہ اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے نوجوان نسل کی فکری رہنمائی اور تعلیمی میدان میں بہتری کو پائیدار امن کے لیے کلیدی عنصر قرار دیا۔
ڈاکٹروں اور دیگر پیشہ ور ماہرین نے معاشرتی فلاح و بہبود، صحت اور نفسیاتی سکون کو بھی ایک محفوظ معاشرے کی تعمیر میں اہم قرار دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام شعبوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں ایک پرامن اور خوشحال ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پائیدار امن امن کی کے لیے
پڑھیں:
لاہور، پوپ فرانسس کے انتقال کر تعزیتی اجلاس کا انعقاد
اجلاس میں مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کی بین المذاہب خدمات اور دنیا بھر کے مظلوموں کیلئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس نے ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بلند کی، انکی وفات سے بین المذاہب رواداری کیلئے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ ریگل چوک چرچ میں عالمی کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر بین المذاہب تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماوں نے شرکت کی۔ رہنماوں نے پوپ فرانسس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ اجلاس میں چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم، مفتی عاشق حسین، علامہ اصغر عارف چشتی، صغیر ورک، فادر آصف سردار، فادر نقاش اعظم، فادر رفحان فیاض، ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل، پنڈت بھگت لال کھوکھر سمیت دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کی بین المذاہب خدمات اور دنیا بھر کے مظلوموں کیلئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس نے ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بلند کی، انکی وفات سے بین المذاہب رواداری کیلئے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔