مظفر آباد، پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شاندار ریلی
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
ریلی کے شرکاء نے متفقہ طور پر بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کی آڑ میں تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام مظفرآباد میں پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی وابستگی کے اظہار اور پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے پرجوش نعروں سے مظفرآباد کی فضا گونج اٹھی۔ ریلی کے شرکاء نے متفقہ طور پر بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کی آڑ میں تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی، تو آزاد کشمیر کے بزرگ و نوجوان پاکستانی عوام اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ مقررین نے افواج پاکستان کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اصولی اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے واضح اور غیر متزلزل موقف سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند اور انہیں اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے ایک نئی توانائی فراہم ہوئی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو کسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر درحقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور کشمیری عوام اس مقدس مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور افواج پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: شرکاء نے کے ساتھ ریلی کے
پڑھیں:
مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے مکمل طورپر تیار ہیں: ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ترجمان شفقت علی خان نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے. بھارتی اقدامات نے دو قومی نظریے کی سچائی پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ پالیسیوں کے پیش نظر پاکستان نے بھی جوابی اقدامات کیے ہیں. واہگہ بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے. سارک اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کو جاری ویزے معطل کر دیے گئے ہیں.تاہم سکھ یاتری اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم کرکے 30 کر دی گئی ہے. پاکستان کی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ان تمام امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور پاکستان نے مناسب جوابات دیے ہیں۔ ترجمان نے وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کو اہم قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ترک قیادت سے مفید بات چیت ہوئی ہے. اسی طرح یو اے ای کے نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران متعدد ایم او یوز پر دستخط ہوئے جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان کا اہم دورہ کیا اور ازبک و ایرانی وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان انسداد دہشتگردی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے آخر میں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔