کرم: فریقین کا مرحلہ وار اسلحہ جمع کروانے کا سلسلہ جاری
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
— فائل فوٹو
کرم میں تمام فریقین کی جانب سے مرحلہ وار اسلحہ جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جمع کروائے گئے اسلحہ میں آر پی جی، مشین گن، میزائل لانچرز اور مارٹرز شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پشاور یکم جنوری کے امن جرگے کے بعد پہلے دونوں فریقین کے تعاون سے 979 بنکرز توڑے گئے۔
کرم میں بنکرز گرانے کے بعد فریقین رضاکارانہ طور پر ہتھیار جمع کرانے لگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرم کےلیے روڈ پروٹیکشن فورس قائم کی گئی ہے، اس فورس میں 200 افراد بھرتی ہوچکے ہیں اور مزید بھرتیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یکم جنوری سے اب تک سامان رسد کی 2661 گاڑیاں کُرم بھجوائی جا چکی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کرم کے متاثرہ علاقوں میں معاوضوں کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی ٹی آئی مالی بحران کا شکار، سیکریٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد کمی
پاکستان تحریک انصاف نے مالی بحران کی وجہ سے مرکزی سیکریٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد کٹوتی کردی جس کا سلسلہ گزشتہ 2 ماہ سے جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کو پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق تنخواہوں میں یک دم 50 فیصد کٹوتی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے سیکرٹریٹ کے درجنوں ملازمین و مخلص کارکنان مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جماعت کی قیادت سیکریٹریٹ میں کام کرنے والوں کے ساتھ مسلسل وعدہ خلافی کر رہی ہے، اکتوبر 2024 سے اب تک سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد کٹوتی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ملازمین نے پارٹی کے لیے اپنی خدمات کے دوران گرفتاری اور تشدد برداشت کیا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے اُن ملازمین کو بھی گھر بیٹھا دیا گیا ہے جن کیخلاف ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں۔
پارٹی رہنما کے ذرائع نے کہا کہ بحران ضرور ہے، لیکن چند لاکھ کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونا پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ ملازمین کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ ،شیخ وقاص، کو بارہا آگاہ کیا گیا لیکن واجبات ادا نہیں کیے جارہے۔
میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ سبغت اللہ ورک سیاسی مشکلات کی وجہ سے روپوش ہو گئے تھے، جس کے بعد پارٹی نے مشکل وقت میں ان کو بھی نظر انداز کر دیا، اب سبغت اللہ ورک نے مالی اور دیگر مشکلات کے باعث پارٹی قیادت کو اپنا استعفی ارسال کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بانی چئیرمین کی ہدایت کے باوجود پارٹی کے درجنوں ایم این ایز اور ایم پی ایز نے فنڈز جمع نہیں کروائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی بھی کروئی تھی مگر تاحال اس پر کوئی عمل نہیں ہوسکا ہے۔