نوشکی: ٹرک میں آگ لگنے کا واقعہ، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
تصویر— اسکرین گریب
گزشتہ روز نوشکی کے قریب ٹرک میں آگ لگنے کے واقعے میں ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تیل کے ٹینکر میں ہونے والے دھماکے کے زخمیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے 10 زخمیوں کی حالت نازک ہے، ان 10 زخمیوں کے 80 فیصد جسم جھلس گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 20 زخمیوں کو کوئٹہ سے کراچی لا کر نجی اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا، یہ تمام زخمی نوشکی کے رہائشی ہیں۔
دوسری جانب دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی تدفین کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل بردار ٹرک آتشزدگی کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔