عمر ایوب وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں، شرجیل میمن کا پی ٹی آئی رہنما کے بیان پر ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
کراچی:
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عمر ایوب کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے عمر ایوب کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ "عمر ایوب وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں۔"
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ عمر ایوب کی وفاداریاں ہمیشہ بدلتی رہی ہیں اور وہ نہ صرف سندھ بلکہ اپنے قائد عمران خان سے بھی مخلص نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "سندھ تو دور کی بات، عمر ایوب عمران خان سے ہی سچے نہیں۔"
پیپلز پارٹی کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ عمر ایوب اس وقت پی ٹی آئی کے اندر اپنا علیحدہ گروپ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ وہ پارٹی کے اندر اپنی اہمیت بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ "عمر ایوب جیسے پی ٹی آئی کے کچھ لیڈران مسلسل دعاگو ہیں کہ ان کی پارٹی کے بانی ہمیشہ جیل میں رہیں اور وہ اپنی دکان چمکاتے رہیں۔"
شرجیل میمن نے پیپلز پارٹی کی خدمات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ملک کو آئین، ایٹمی قوت، میزائل ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر شناخت پیپلز پارٹی نے ہی دی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی پارٹی کے عمر ایوب
پڑھیں:
متنازع کینالوں کا مسئلہ بلاول بھٹو کی قیادت میں حل ہوچکا، مظاہرے ختم کیے جائیں، شرجیل میمن
کراچی:سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متنازعہ کینالوں کا مسئلہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل اور مکمل ختم ہو چکا ہے۔
اپنے بیان میں سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث اب یہ مسئلہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے آفیشل اجلاس کے بعد یہ معاملہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا، تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاء برادری سے گزارش ہے کہ سڑکیں کھول دی جائیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سڑکوں کو فوری طور پر کھول کر گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو مزید مالی یا معاشی نقصان نہ ہو، شاہراہوں کی بندش سے عوام، مال مویشی، امپورٹ ایکسپورٹ، کسانوں اور غریب طبقات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر دھرنے ختم کیے جائیں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا، اگر دھرنے جاری رکھے جا رہے ہیں تو کم از کم سڑکیں کھول دی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، احتجاج کو پرامن دائرے میں رکھا جائے تاکہ عوام کی زندگی معمول پر آ سکے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء برادری اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، حکومت سندھ ہر فریق سے مذاکرات کے لئے تیار ہے، سیاسی جماعتیں اور وکلاء برادری شرپسند عناصر پر نظر رکھیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں ہم سب کو مل کر سمجھداری سے فیصلے کرنے ہوں گے۔